کویت اردو نیوز 05 دسمبر: کویت کی انوائرمنٹ پبلک اتھارٹی (EPA) تجرباتی بنیادوں پر پلاسٹک کی خالی بوتلوں اور شیشے یا دھات کے کنٹینرز کو جمع کرنے کے لیے مشینیں استعمال کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔
روزنامہ القبس کے ذرائع نے بتایا کہ اگر کوئی شخص اوپر بیان کی گئی اشیاء میں سے کوئی بھی چیز مشین میں ڈالے گا تو وہ شخص اس مشین سے ایک ڈسکاؤنٹ کوپن حاصل کرے گا جسے وہ کوآپریٹو سوسائٹیز (جمعیہ) میں استعمال کر سکتا ہے۔
ذرائع نے انکشاف کیا کہ اتھارٹی اس پروجیکٹ کو عملی جامہ پہنانے کے لیے کوآپریٹیو (جمعیہ) کے ساتھ تعاون کرے گی جس کا مقصد پلاسٹک اور دھات کی خالی بوتلوں سے ہونے والی آلودگی کو کم کرنا ہے۔
ذرائع نے خبردار کیا کہ یہ اشیاء عام طور پر زمین اور سمندر کو شدید ماحولیاتی نقصان پہنچاتی ہیں۔ یہ ان بہت سے منصوبوں بشمول ‘پلاسٹک کلیکشن اور ری سائیکلنگ’ میں سے ایک ہے جس کا مقصد آلودگی کو کم کرنا ہے جبکہ کئی ماہ پہلے کویت کی انوائرمنٹ پبلک اتھارٹی کی جانب سے پلاسٹک کلیکشن اور ری سائیکلنگ مقابلہ بھی منعقد کرایا گیا تھا۔
سیکڑوں شرکاء نے ہزاروں ٹن پلاسٹک کی بوتلیں اکٹھی کیں، جنہیں ری سائیکلنگ کے لیے ایک نجی کمپنی کو پہنچایا گیا جبکہ مقابلے میں پہلے نمبر پر آنے والی ٹیم کو نقد انعامات ملے۔
ذرائع نے انکشاف کیا کہ اتھارٹی ان بوتلوں پر توجہ مرکوز کر رہی ہے کیونکہ یہ ان آلودگیوں میں سے ہیں جن کا ماحول پر شدید اثر پڑتا ہے۔ ذرائع نے مزید کہا کہ یہ فضلہ کو توانائی میں تبدیل کرنے کے لیے مختلف سرکاری اداروں کی مشترکہ کوششوں کا حصہ ہے۔