کویت اردو نیوز 19 مارچ: اس سال مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ میں عبادتوں کے اہتمام کی اجازت دے دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ماہ رمضان کے دوران مسجد نبویؐ میں پانچ نمازوں کے علاوہ تروایح پڑھنے کی بھی اجازت دے دی گئی ہے تاہم نمازیوں کی مخصوص حد 60,000 مقرر کردی گئی ہے۔
کورونا بحران سے قبل رمضان المبارک میں ساڑھے تین لاکھ لوگ مسجد نبوی میں نماز ادا کرتے تھے لیکن اس بار یہ تعداد ساٹھ ہزار تک محدود ہوچکی ہے۔ گذشتہ سال کورونا وائرس کے سبب مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ کو عبادت کے لئے مکمل طور پر بند کردیا گیا تھا۔ انتظامیہ کے صرف چند سو افراد ہی نماز پڑھ سکتے تھے۔ اللہ اور اس کے رسولؐ کے گھر کا عبادت گزاروں سے خالی ہونے کا یہ منظر عالم اسلام کے لئے نہایت افسوسناک تھا کیونکہ یہ منظر تاریخ میں شاذ و نادر ہی دیکھا گیا تھا۔
یہاں تک کہ امام کعبہ چند درجن افراد کے ساتھ نماز پڑھتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے اور یہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد دنیا بھر کے مسلمان بھی افسردہ ہوگئے تھے تاہم اس بار مسجد نبویؐ اور مسجد الحرام کو مکمل طور پر بند نہیں کیا جائے گا۔ امت مسلمہ کے لئے خوشخبری یہ ہے کہ پانچ روزانہ کی نمازوں کے علاوہ مسجد نبوی میں بھی نماز تراویح کی اجازت ہوگی۔