کویت اردو نیوز 16 جون: پاکستان نے 40 سال سے کم عمر رسیدہ افراد کو آسٹرازنیکا ویکسین لگانے کی اجازت دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان نے بیرون ممالک مقیم تارکین وطن کی مدد کے لئے 40 سال سے کم عمر افراد کو آسٹرازنیکا ویکسین لگانے کی اجازت دے دی ہے۔ صحت کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ پاکستان نے 40 سال سے کم عمر افراد کو کوویڈ 19 کے خلاف آسٹرازنیکا ویکسین لگانے سے منع کرنے والے قاعدے کو ختم کردیا گیا ہے تاکہ تعلیم حاصل کرنے یا بیرون ملک کام کرنے کے خواہشمند افراد خاص طور پر سعودی عرب، کویت اور دیگر خلیجی ممالک کے سفر میں آسانیاں پیدا کی جا سکیں۔ پاکستان اپنی ویکسی نیشن مہم میں بنیادی طور پر سائنوفارما ، کینسائنو بیو اور سائنوویک ویکسین کا استعمال کر رہا ہے۔ یاد رہے کہ آسٹرازنیکا ویکسین ابھی تک صرف 40 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں کے لئے استعمال کی جا رہی تھی۔
وزیر اعظم کے شعبہ صحت کے مشیر فیصل سلطان نے کہا کہ سعودی حکام نے چینی ویکسینوں کی منظوری نہیں دی ہے اور اس وجہ سے جو لوگ چائنیز ویکسین وصول کرتے ہیں انہیں اب بھی قرنطین میں ہی رہنا پڑتا ہے جو بہت سے لوگوں کے لئے مہنگا پڑتا ہے۔ فیصل سلطان نے منگل کو پاکستانی نجی ٹی وی چینل کو بتایا کہ ” ہم نے 40 سال سے کم عمر افراد کے لئے آسٹرازنیکا کے استعمال پر عائد پابندی ختم کردی ہے۔”
سعودی عرب اور کویت نے اپنے ممالک میں داخل ہونے والے افراد کو قرنطین سے بچنے کے لئے چار انسداد کوویڈ 19 ویکسینوں کی منظوری دی ہے جو آسٹرا زینیکا ، فائزر ، موڈرنہ اور جانسن اینڈ جانسن ہیں۔
کوویکس پروگرام کے تحت پاکستان کو آسٹرا زینیکا کی 1.2 ملین خوراکیں موصول ہوئی ہیں۔ فیصل سلطان نے مزید کہا کہ حکومت اپنے سفارتی چینلز کو یہ دیکھنے کے لئے استعمال کررہی ہے کہ آیا سعودی عرب مستقبل میں چینی ویکسینوں کی منظوری دے گا۔