کویت اردو نیوز 26 جون: وزراء کونسل کے فیصلے کے نفاذ کے لئے سیکورٹی اہلکاروں کی بڑی تعداد تعینات کردی گئی۔
روزنامہ القبس کی رپورٹ کے مطابق غیر ویکسین شدہ افراد کے کمپلیکسز اور شاپنگ مالز میں داخلے کو روکنے کے فیصلے پر عمل درآمد کے لئے کل صبح 500 افسران کو مختلف تجارتی مقامات پر تعینات کردیا جائے گا۔ وزارت داخلہ کے اسسٹنٹ انڈر سیکرٹری برائے پبلک سیکیورٹی امور میجر جنرل فرج الزوبی نے کابینہ کے فیصلے پر عملدرآمد کرنے کے لئے مختلف تجارتی مالز میں پبلک سیکیورٹی کے شعبے سے 500 افسران اور اہلکاروں کو مختص کرنے کا اعلان کیا ہے تاکہ بلاامتیاز لوگوں کو کمپلیکس میں داخل ہونے سے روکا جاسکے۔ میجر جنرل الزوبی نے اپنے خصوصی بیان میں کہا کہ "300 سیکیورٹی اہلکاروں کی تقسیم 10 بڑے کمپاؤنڈز میں کی گئی جبکہ 200 افسران کا مشن چھوٹے تجارتی مالز میں گشت اور نگرانی کرنا ہے تاکہ ان احاطوں میں وزراء کونسل کے فیصلے پر عمل درآمد یقینی بنایا جاسکے۔ الزوبی نے شہریوں اور رہائشیوں سے مطالبہ کیا کہ
وہ وزراء کونسل کے فیصلوں کی سختی سے پابندی کریں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی اہلکاروں کو جاری کی گئی ہدایات واضح ہیں اور اہلکار اس فیصلے پر عمل درآمد میں نرمی نہ برتنے کے پابند ہیں جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کو مجاز اتھارٹی کے حوالے کیا جائے گا اور ان کے خلاف قانونی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
انہوں نے کابینہ کے فیصلے کو مضبوطی سے نافذ کرنے کے لئے کویت میونسپلٹی ، وزارت تجارت اور کمپلیکس انتظامیہ کے ساتھ مکمل ہم آہنگی کے وجود پر زور دیا انہوں نے کہا کہ کمپلیکسز کی انتظامیہ سے ویکسین نہ لگانے والے افراد کے داخلے یا کسی بھی طرح کی خلاف ورزی کی صورت میں دریافت کیا جائے گا ان خلاف ورزیوں پر ایک رپورٹ پیش کی جائے گی ایسے افراد کے خلاف انتظامی فیصلے کا اجرا بھی متوقع ہے جس کے نتیجے میں ایسے افراد کی گرفتاریاں عمل میں آسکتی ہیں۔