کویت اردو نیوز 06 نومبر: ڈانس کر کے نماز کا مذاق اڑانے والے بدبخت کو وزیراعلٰی پنجاب کے حکم پر پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک ایسی ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں ایک بد بخت نعوذ باللہ نماز کی بے حرمتی کرتا ہوا دکھائی دے رہا تھا جس پر عوام کا شدید ردعمل بھی سوشل میڈیا پر سامنے آیا تھا۔ پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے اس بدبخت شخص کو مظفر گڑھ سے گرفتار کر لیا ہے۔ ملزم کا نام آصف بتایا گیا ہے۔ نماز کا مذاق اڑانے والے نوجوان کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے سخت نوٹس لیا جس کے بعد مظفر گڑھ پولیس نے فوری ایکشن کرتے ہوئےملزم آصف کو شاہ جمال، مظفر گڑھ سے گرفتار کرلیا۔ دوران تفتیش معلوم ہوا کہ
ملزم درزی کا کام کرتا ہے جبکہ اسے کچا کینجر ہیڈ 76 سے گرفتار کیا گیا جبکہ ملزم نے اعتراف جرم کرتے ہوئے مزید کہا کہ ” مذکورہ ویڈیو اس کے دوست کی شادی کی ہے اور ڈانس کر کے نماز کی بے حرمتی اسی تقریب میں ہوئی مجھ سے غلطی ہو گئی ہے”۔ دوسری جانب وزیراعلٰی پنجاب سردار عثمان بزدارنے ملزم آصف کے خلاف سخت قانونی کارروائی کاحکم بھی دے دیا ہے اور کہا کہ ایسے واقعہ سے ہر مسلمان کی دل آزاری ہوئی ہے۔ملزم قانون کے تحت کسی رعایت کا مستحق نہیں۔ ملزم کی گرفتاری کے بعد پنجاب پولیس کے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ پر اس حوالے سے کہا گیا کہ "سوشل میڈیا پر شعائر اسلام کی بےحرمتی پر مبنی ویڈیو سامنے آتے ہی آئی جی پنجاب کی ہدایت پر سوشل میڈیا ٹیم نے انٹی گریٹڈ سسٹم کے ذریعے پنجاب کے تمام اضلاع میں نامعلوم ملزم کی تلاش شروع کروائی جبکہ اضلاع اور تھانوں کی سطح پر پولیس کی مضبوط ہم آہنگی ملزم کی گرفتاری میں مددگار ثابت ہوئی”۔