کویت اردو نیوز 17 جون: منی لانڈرنگ، دہشت گردی کی مالی معاونت اور عالمی مالیاتی نیٹ ورکس کو لاحق دیگر خطرات کی نگرانی کرنے والے بین الاقوامی نگران ادارے ایف اے ٹی ایف کے اعلیٰ سفارتی ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان اپنی بڑی ریلیف میں
ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکالے جانے سے صرف "ایک قدم دور” ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کو گرے لسٹ سے نکلنے کے لیے ‘آن سائٹ وزٹ’ ملنے کا امکان ہے جبکہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کے انٹرنیشنل کوآپریشن ریویو گروپ (آئی سی آر جی) کے اگست میں پاکستان کا دورہ کرنے کا امکان ہے کیونکہ پاکستان نے ایجنسی کی طرف سے پیش کی گئی 34 شرائط میں سے 30 کو پورا کیا ہے۔ گرے لسٹنگ کا مطلب ایف اے ٹی ایف کا متعلقہ ملک کو منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت کے خلاف اقدامات پر
اس کی پیشرفت کو جانچنے کے لیے نگرانی میں اضافہ کرنا ہے۔ "گرے لسٹ” کو "بڑھتی ہوئی مانیٹرنگ لسٹ” کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ پاکستان کے علاوہ شام، ترکی، میانمار، فلپائن، جنوبی سوڈان، یوگنڈا اور یمن بھی "گرے لسٹ” میں شامل 23 ممالک کی فہرست میں شامل ہیں۔
جون 2021 میں مکمل اجلاس کے بعد ایف اے ٹی ایف نے اس بات پر زور دیا تھا کہ پاکستان کو جیش محمد کے سربراہ مسعود اظہر، لشکر طیبہ کے بانی حافظ سعید اور اس کے ‘آپریشنل کمانڈر’ ذکی الرحمان لکھوی سمیت اقوام متحدہ کے نامزد کردہ دہشت گرد گروپوں کے رہنماؤں اور کمانڈروں کے خلاف کاروائی کرنے کی ضرورت ہے جبکہ
ایجنسی نے پاکستان کو اکتوبر 2021 تک کا وقت دیا تھا کہ وہ تعمیل کی باقی شرائط کو پورا کر کے اس سے دوبارہ ملاقات کرے۔ حال ہی میں پاکستان تمام بین الاقوامی ایجنسیوں کی تعمیل کرنے کی کوششوں میں ہے کیونکہ ملک کو معاشی اور سیاسی عدم استحکام کا سامنا ہے جبکہ ملک میں ضروری اشیاء کی قیمتوں میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔ پاکستان جون 2018 سے مسلسل ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں شامل ہے۔
ابتدائی طور پر منی لانڈرنگ سے نمٹنے کے لیے اقدامات کا جائزہ لینے کے لئے ایف اے ٹی ایف کا قیام جولائی 1989 میں پیرس میں "گریٹ 7 ممالک” کے سربراہی اجلاس کے ذریعے کیا گیا تھا لیکن 11 نومبر کو ورلڈ ٹریڈ سینٹر پر حملوں کے بعد ایف اے ٹی ایف نے اکتوبر 2001 میں دہشت گردوں کی مالی معاونت سے نمٹنے کی کوششوں کو اپنے منشور میں شامل کیا جبکہ اپریل 2012 میں اس نے بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کے پھیلاؤ اور ان کی مالی معاونت کو روکنے کی کوششوں کو بھی اپنے منشور میں شامل کیا۔