کویت اردو نیوز 13 جولائی: بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ جاری ہے۔ تیل کی قیمتیں ایک بار پھر بلندی کی طرف جا کر نیچے آنا شروع ہوگئی ہیں۔ بین الاقوامی میڈیا کے مطابق امریکی خام تیل کی قیمت 103.1 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کی گئی جبکہ
برطانوی خام تیل کی قیمتوں میں 1.37 فیصدکمی دیکھی گئی ہے۔ پٹرولیم کی قیمتوں میں کمی کے پیش نظر وزیراعظم پاکستان شہبازشریف نے وزارت پٹرولیم اور وزارت خزانہ سے پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے سمری مانگ لی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے بڑی عید پر عوام کو بڑی خوشخبری دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا پورا فائدہ عوام کومنتقل کرنے کا بڑا فیصلہ کرتے ہوئے وزارت پیٹرولیم اور وزارت خزانہ سے تیل کی قیمتوں میں کمی کی سمری مانگ لی۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ
عوام نے قربانی دی اس کا پورا پھل بھی عوام کو ہی ملےگا۔ عالمی منڈی میں جتنی کمی ہوئی ہے عوام کو اس کی منتقلی یقینی بنائیں گے جس پر وزارت خزانہ کا موقف ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کیلئے جب تک اوگرا ہمیں سمری نہیں بھجواتی ہم وزیر اعظم کو نہیں بھجوا سکتے۔
تیل کی قیمت میں کمی سے ملک میں پیٹرول کی قیمت میں 10 روپے فی لیٹر تک کمی کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔ پیٹرولیم ڈویژن کے ذرائع کےمطابق پیٹرول کی قیمت میں 10 اور ڈیزل کی قیمت میں 25 روپے فی لیٹر تک کمی کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فوری کمی کیلئے وفاقی کابینہ کی منظوری درکارہوگی اور کابینہ کی منظوری کے بغیر 16جولائی سے قبل قیمتوں میں کمی نہیں کی جاسکتی، وفاقی کابینہ نے 15 روزکی بنیاد پرپیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کی منظوری دے رکھی ہے۔