کویت اردو نیوز،30اگست: سعودی عرب کے شہر جدہ میں پاک سعودی میوزک نائٹ کا اہتمام کیا گیا جس میں مشہور ملی نغمہ دل دل پاکستان گونج اٹھا۔
پاکستان کے ماہ جشن آزادی کے حوالے سے سعودی عرب کے شہر جدہ میں پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے تقریبات جاری ہیں، اور اسی سلسلے میں پاک سعودی میوزک نائٹ کا اہتمام کیا گیا جس میں مقامی فنکاروں نے شرکت کرتے ہوئے دل دل پاکستان گا کر شرکا کے دل جیت لیے۔
سعودی عرب کی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کی خصوصی اجازت پر اس میوزیکل نائٹ کا اہتمام نوشین کلچرل اینڈ آرٹ سینٹر نے ارسال کے تعاون سے کیا تھا۔
پاک سعودی کلچرل نائٹ میں سینکڑوں پاکستانیوں اور سعودی خاندانوں نے شرکت کی جو رات گئے تک ملی نغموں پر جھومتے رہے اور مشہور زمانہ دل دل پاکستان سمیت دیگر سعودی اور پاکستانی گیتوں پر سر دھنتے رہے۔
جدہ کے قبا لاؤنج میں تمام سامعین کی تواضع کیلئے پاکستانی کھانے موجود تھے جبکہ وہاں غیر ملکی اسٹاف نے بھی پاکستان کا قومی لباس شلوار قمیض پہن رکھا تھا۔
پاکستان کے چند مشہور ٹک ٹاکرز اور مقامی فنکاروں اور سعودی عرب کے مشہور گلوکار محمد الزلال نے تقریب میں اپنی آواز کا جادو جگایا جب کہ آخر میں فنکاروں کو یادگاری شیلڈز دی گئیں۔