پیرس: (کویت نیوز اردو) فرانسیسی انجینئرز نے وھیل نما ایئر شپ کا منصوبہ پیش کیا ہے ، جو 20 سے 30 دن میں بغیر رکے زمین کا چکر مکمل کر لے گا۔
150 میٹر لمبا سولر ایئر شپ ون خطِ استوا پر زمین سے تقریباً 6 ہزار میٹر کی بلندی پر 38 ہزار 6 سو کلو میٹر سے زیادہ کا فاصلہ طے کرے گا ، اس سفر کا آغاز 2026ء میں ہو گا اور اس دوران یہ ائیرشپ 25 سے زائد ممالک، 2 بحروں اور متعدد بحیروں کے اوپر سے گزرے گا۔
10 سال سے زائد عرصے تک کی جانے والی اس تحقیق کے بعد اس بے آواز طیارے کے حوالے سے بننے والے منصوبوں کے مطابق اس ایئر شپ میں 50 ہزار مکعب میٹر حجم کے برابر ہیلیئم بھری جائے گی اور اس کی بیرونی پرت 48 مربع میٹر شمسی فلم سے ڈھکی ہوئی ہو گی۔
کاربن اخراج کو کم کرنے اور موسمیاتی تغیر کے خلاف اقدامات کے پیش نظر اس ایئر شپ میں پرواز کیلیے روایتی ایندھن کے بجائے ہائیڈروجن اور سورج سے حاصل ہونیوالی توانائی کو استعمال کیا جائے گا۔ دن میں یہ ایئرشپ سولر کلیکٹر جب کہ رات میں فیول سیلز سے توانائی حاصل کرے گا۔
ایئر شپ کا ڈھانچہ 15 گیس اینولپس سے بنا ہوگا ، جس کی مدد سے ایئر شپ کو طوفانی موسم میں کنٹرول کیا جائے گا۔