کویت اردو نیوز ، 2 اکتوبر 2023 : سولر سسٹم جیومیٹری سروے (SSGS) کی جانب سے کی گئی پیش گوئی کے مطابق چمن فالٹ لائن پر 84 گھنٹوں میں زلزلہ آسکتا ہے۔
سیسمولوجیکل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کا کہنا ہے کہ پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں زیر زمین چمن فالٹ لائن میں تیز ترین زلزلے کے جھٹکے ریکارڈ کیے گئے ہیں، اس بات کا قوی امکان ہے کہ اگلے دو دن میں اس علاقے میں ریکٹر اسکیل پر 6 یا اس سے زیادہ شدت کا زلزلہ آسکتا ہے۔
اس حوالے سے ایس ایس جی ایس کا مزید کہنا ہے کہ سطح سمندر کے قریب فضا میں الیکٹرک چارج کے ریکارڈ اتار چڑھاؤ کی وجہ سے اگلے چند دنوں میں نقشے میں جامنی رنگ والے علاقوں (بلوچستان سمیت) میں طاقتور زلزلہ آسکتا ہے۔
واضح رہے کہ نقشے میں نمایاں کیے گئے ان علاقوں کو اندازہ کے طور پر دیا گیا ہے اور زلزلوں کے صحیح مقامات کا تعین کرنے کا کوئی حتمی طریقہ نہیں ہے۔
سیسمولوجیکل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ نے چمن فالٹ لائن کو سب سے طاقتور زلزلے کا شکار خطہ قرار دیا ہے۔
چمن فالٹ لائن جنوبی ایشیا کی سب سے بڑی فالٹ لائن ہے جو پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں واقع ہے، اس فالٹ لائن میں پاکستان کے علاوہ افغانستان کے علاقے بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ 31 مئی 1935ء کو کوئٹہ میں 900 کلومیٹر طویل اس فالٹ لائن پر انتہائی خوفناک زلزلہ آیا تھا جس میں ہزاروں افراد جاں بحق ہوئے تھے۔ افغانستان اور پاکستان کے علاقے اس فالٹ لائن میں آتے ہیں۔