کویت اردو نیوز ، 4 اکتوبر 2023: جناح اسپتال کراچی میں 34 سالہ شخص کی پتے کے روبوٹک آپریشن میں 14 ماہرین نے حصہ لیا، اس آپریشن کا دورانیہ 25 منٹ تھا۔
تفصیلات کے مطابق جناح اسپتال کراچی کی تاریخ میں پہلی بار روبوٹک سرجری کا آغاز کردیا گیا، پہلی سرجری 34 سالہ شخص کی کی گئی، اسپتال کے ڈائریکٹر پروفیسر شاہد رسول سمیت 14 ماہرین نے آپریشن میں شرکت کی.
جناح اسپتال کے ڈائریکٹر پروفیسر شاہد رسول کے مطابق پہلے مریض کے پتے کا کامیاب آپریشن کیا گیا ہے، یہ آپریشن روبوٹک مشین کے ذریعے 25 منٹ میں کیا گیا۔ پروفیسر شاہد رسول کا کہنا ہے کہ آج سے روزانہ کی بنیاد پر 2 سے زائد آپریشن ہوں گے، اسپتال کے یورولوجی اور گائنی وارڈز کے ضرورت مند مریضوں کے مفت آپریشن جاری رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ روبوٹک سرجری کے لیے کوئی ایک مریض لاکھوں روپے خرچ کرتا ہے تاہم جناح اسپتال میں مفت روبوٹک سرجری کے نتیجے میں تمام مستحق مریضوں کو یہ سہولت مفت ملے گی۔ جناح اسپتال کی انتظامیہ کے مطابق جناح اسپتال میں ماہرین کی 12 سے 14 ارکان پر مشتمل ٹیم ہے، جنہیں سرجری کا وسیع تجربہ ہے۔