کویت اردو نیوز ، 10 اکتوبر 2023: امریکہ میں بھی اسرائیل کے خلاف مظاہرے شروع ہو گئے ہیں اور خود یہودی بھی فلسطینیوں پر مظالم کے خلاف سراپا احتجاج بن گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق فلسطین کے شہر غزہ پر اسرائیل کے جارحانہ حملوں کے خلاف دنیا بھر میں احتجاج جاری ہے۔
صہیونی بربریت کے خلاف یہودی بھی سراپا احتجاج ہیں، امریکا میں مظاہرے کرتے ہوئے غزہ میں اسرائیلی بربریت بند کرنے کا مطالبہ کیا، یہودیوں نے پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے جن پر ’یروشلم کو آزاد کرو‘ لکھا تھا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ اسرائیلی حکومت یہودیوں کی نہیں بلکہ صیہونیوں کی نمائندگی کرتی ہے۔
دوسری جانب اردن سمیت نیویارک اور سان فرانسسکو، کینیڈا، اسپین، آسٹریلیا، برطانیہ میں لوگوں کی بڑی تعداد نے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیا، ہزاروں افراد صہیونی جارحیت کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے۔
دنیا بھر میں مظاہرین فلسطینیوں کے قتل عام کو فوری بند کرنے اور ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کا مطالبہ کر رہے ہیں۔