کویت اردو نیوز : بھارتی ریاست بہار میں 5 سالہ بیٹے کی ماں نے اپنے شوہر کو صرف اس لیے قتل کر دیا کیونکہ اس نے انسٹاگرام پر اس کی ویڈیو کلپس اپ لوڈ کرنے پر اعتراض کیا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 25 سالہ مہیشور کمار رائے کولکتہ میں مزدوری کرتا تھا اور موسم بہار کی چھٹیوں پر اپنے گھر آیا تھا اور بیوی اور بچے کے ساتھ سسرال گیا تھا لیکن رات گئے واپس نہیں آیا۔
مہیشور کے بھائی نے کال کی تو موبائل پر کوئی اور تھا، جس پر وہ اپنے گھر والوں کو لے کر مہیشور کے سسرال پہنچے اور اپنے بھائی کو مردہ پایا جب کہ اس کی بیوی اور سسرال والے گھر سے غائب تھے۔
مہیشور کے گھر والوں نے بتایا کہ سسرال کے 4 لوگ لاش کو ٹھکانے لگانے کے لیے لے جا رہے تھے۔ ہمارے پہنچنے پر وہ لاش چھوڑ کر بھاگ گئے۔
پولیس نے بتایا کہ مہیشور نے اپنی بیوی کے انسٹاگرام پر وائرل گانوں کی ریلز بنانے پر اعتراض کیا اور اسے بار بار منع کیا، جس سے دونوں کے درمیان جھگڑا ہوا۔
پولیس کا مزید کہنا تھا کہ مہیشور کی لاش کو پنکھے سے لٹکایا گیا تھا تاکہ یہ خودکشی جیسا لگ سکے۔
لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال بھیج دیا گیا ہے اور ملزمان کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔