کویت اردو نیوز ، 22 اکتوبر 2023 : غزہ میں فلسطینیوں پر اسرائیلی بمباری روکنے کے لیے مظاہرہ کرنے والے 500 کے قریب یہودیوں کو امریکی کانگریس میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔
غیر ملکی ایجنسی کے مطابق مظاہرے کا اہتمام جنگ مخالف گروپ جیوش وائس فار پیس کی جانب سے کیا گیا تھا جس میں مظاہرین نے ’ناٹ ان اوور نام‘ کے الفاظ والی قمیضیں پہن رکھی تھیں۔
امریکی کانگریس کی عمارت کے سامنے مظاہرین نے ایک بڑا بینر بھی اٹھا رکھا تھا جس پر لکھا تھا "جنگ بند کرو، کیونکہ غزہ کی پٹی میں اسرائیلی بمباری سے ہلاکتوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہاہے۔”
سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر جیوش وائس فار پیس کے مطابق تقریباً 10,000 افراد نے امریکی دارالحکومت کی سڑکوں پر مارچ بھی کیا۔
واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے شروع ہونے والی جنگ کے باعث اسرائیل نے غزہ کی پٹی کا مکمل محاصرہ کرکے فلسطینیوں کو پانی، خوراک، بجلی اور طبی امداد کی فراہمی مکمل طور پر بند کردی ہے۔
اسرائیل کی وحشیانہ بمباری کے نتیجے میں غزہ میں اب تک خواتین اور بچوں سمیت 3500 افراد شہید ہو چکے ہیں جب کہ اسرائیلی شہروں میں حماس کے حملوں کے نتیجے میں اب تک سینکڑوں اسرائیلی فورسز سمیت 1500 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔