کویت اردو نیوز ، 28 اکتوبر 2023 : دبئی پولیس نے 280 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے موٹر سائیکل چلانے والے شخص کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے اسے 50 ہزار درہم جرمانہ کیا ہے ۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نوجوان اپنی موٹر سائیکل کو تیز رفتاری سے چلا رہا تھا اور ایک پہیے پر خطرناک سٹنٹ کر رہا تھا۔
واقعے کے بعد دبئی پولیس نے فوری طور پر اسے پکڑ لیا اور موٹر سائیکل کو قبضے میں لے لیا۔
دبئی پولیس جنرل ڈیپارٹمنٹ آف ٹریفک کے ڈائریکٹر میجر جنرل سیف محیر المزروعی نے کہا کہ ٹریفک گشت نے ویڈیو میں نظر آنے والے موٹر سائیکل سوار کی کامیابی سے شناخت کی اور اسے پکڑ لیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اس شخص نے تیز رفتاری سے گاڑی چلا کر افراتفری پیدا کی اور خطرناک اسٹنٹ کر کے سڑک استعمال کرنے والوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالا۔
حکام کے مطابق پوچھ گچھ کے بعد موٹر سائیکل سوار نے متعدد مواقع پر ایسی حرکتیں کرنے کا اعتراف کیا۔ جس کی وجہ سے اس کی موٹر سائیکل ضبط کر لی گئی اور اس کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی۔