کویت اردو نیوز: کویت کی ریزیڈنس افیئرز انویسٹی گیشن ایڈمنسٹریشن، جس کی نمائندگی ریسرچ اینڈ انویسٹی گیشن ڈیپارٹمنٹ، کنٹرول اینڈ کوآرڈی نیشن ڈیپارٹمنٹ، سہ فریقی کمیٹی اور خلاف ورزیوں کے فالو اپ ڈیپارٹمنٹ نے کی، ریزیڈنسی اور لیبر لاء کی خلاف ورزی کرنے پر کویت کے مختلف علاقوں سے 241 غیرملکی افراد کو گرفتار کیا ہے۔
گرفتار کیے گئے افراد مختلف قومیتوں سے تعلق رکھتے ہیں ان میں بھیک مانگنے والے 3 افراد، ہوم ڈیلیوری کمپنیوں کے لیے کام کرنے والے 44 خلاف ورزی کرنے والے اور 26 روزانہ کی بنیاد پر کام کرنے والے عام کارکن شامل ہیں۔
عوامی اتھارٹی برائے افرادی قوت کے تعاون سے یہ مہمات مھبولہ، فروانیہ، خیطان، سالمیہ، العاردیہ اور امغرہ میں کی گئیں۔ مہم کے دوران خلاف ورزی کرنے والوں کی جانب سے دو جعلی ملازمین کے دفاتر پر چھاپے مارے گئے اور آٹھ خلاف ورزی کرنے والوں کو حراست میں لے لیا گیا۔
ایک اور خبر کے مطابق کویت کے نائب وزیر اعظم اور وزیر داخلہ شیخ طلال الخالد الصباح کی ہدایت پر کوسٹ گارڈ کے ڈائریکٹوریٹ جنرل کی ایک ٹیم نے ان کے ڈائریکٹر میجر جنرل طلال المونس کی قیادت میں سات افراد کو گرفتار کیا جن میں 5 ایرانی اور 2 بھارتی شہری تھے جنہوں نے تقریباً 100 کلو گرام کرسٹل میتھ (خطرناک سفید نشہ) جس کی مالیت تقریباً 20 لاکھ دینار ہے، سمندر کے راستے ملک میں سمگل کرنے کی کوشش کی۔
وزارت داخلہ کے جنرل ڈپارٹمنٹ آف پبلک ریلیشنز اینڈ سیکیورٹی میڈیا کے مطابق، اسے ریاست کویت کے علاقائی پانیوں میں ایک جہاز کے داخل ہونے کی اطلاع ملی، جس میں بھاری مقدار میں نشہ آور اشیاء موجود تھیں۔
فوری طور پر، ایک ٹیم تشکیل دی گئی، اور جہاز کے مقام کے بارے میں تحقیقات تیز کر دی گئیں۔ ضروری قانونی اجازت حاصل کرنے کے بعد، کویت کے علاقائی پانیوں میں جہاز کو قبضے میں لے لیا گیا، اور اس کے سات غیرملکی باشندوں پر مشتمل عملے کو گرفتار کر لیا گیا۔
جہاز کے معائنے پر نشہ آور مادے "کرسٹل میتھ” کی موجودگی کا انکشاف ہوا۔ جب مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کی گئی تو ان میں سے ایک نے بتایا کہ ایک شخص نے کھیپ وصول کرنی تھی۔ انہیں ضبط شدہ اشیاء کے ساتھ متعلقہ حکام کے حوالے کر دیا گیا تاکہ ضروری کارروائی کی جا سکے۔