کویت اردو نیوز 23 مئی: ملک میں ویکسین وصول کرنے والوں کی تعداد 20 لاکھ سے تجاوز کرگئی جو کہ کویت کی کُل آبادی کا تقریباً 50 فیصد بنتا ہے۔
روزنامہ القبس کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گلوبل ویکسین ٹریکنگ ویب سائٹ کے مطابق کویت میں ویکسین وصول کرنے والے افراد کی تعداد 20 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے۔ ملک میں کورونا وائرس سے بچاؤ اور عوام میں قوت مدافعت بڑھانے کے لئے وزارت صحت نے ملک کی 70 فیصد آبادی کو قلیل مدت میں ویکسین دینے کی مہم کو تیز تر کردیا ہے تاکہ ملک میں جلد از جلد ویکسی نیشن کا عمل مکمل کیا جائے اور عوام کو وائرس سے محفوظ کیا جائے۔
اس سے قبل صحت کے عہدیداروں نے اپنے بیانات میں روزنامہ القبس کو تصدیق کی تھی کہ حالیہ عرصے میں ویکسین کی رفتار میں تیزی آگئی ہے کیونکہ فائزر کی ویکسین کی ترسیل تقریبا ہفتہ وار بنیادوں پر کویت پہنچ رہی ہیں۔
ویکسی نیشن مہم کے ملک بھر میں مثبت نتائج برآمد ہونے شروع ہوگئے ہیں جیسا کہ اعدادوشمار کے مطابق وائرس کی صورتحال میں بہتری واضح ہے وائرس سے اموات اور انفیکشن کی تعداد میں کمی آئی ہے جبکہ انتہائی نگہداشت وارڈ میں متاثرین کی تعداد میں غیر معمولی کمی واقع ہوئی ہے۔