کویت اردو نیوز : بیٹی کو جگر دے کر سعودی شہری نے سب کے دل جیت لیے ۔
سعودی شہری نے جگر کا ایک ٹکڑا عطیہ کرکے اپنی کم سن بیٹی کی جان بچائی۔
لڑکی اور اس کے والد کو ہنگامی آپریشن کے لیے ہوائی جہاز سے دمام لے جایا گیا۔
مکہ مکرمہ ریجن کےہیلتھ کونسل کے ترجمان حاتم المسعودی نے بتایا کہ ایک 12 سالہ ننھی بچی کو حرہ جنرل ہسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں لایا گیا جس کی حالت انتہائی تشویشناک تھی ۔
لڑکی کا رنگ پیلا ہو گیا تھا جبکہ اس کی آنکھوں کی سفیدی بھی پیلی ہو رہی تھی۔ لڑکی کے فوری طور پر مختلف ٹیسٹ کیے گئے۔
میڈیکل رپورٹ میں ثابت ہوا کہ بچی کا جگر مکمل طور پر فیل ہو چکا ہے۔ بچانے کے لیے فوری ٹرانسپلانٹ آپریشن ضروری ہے۔
بچی کو جگر کی پیوند کاری کے لیے دمام اسپتال منتقل کرنا ضروری تھا جب کہ وقت ختم ہو رہا تھا۔
بچی اور اس کے والد کو فوری طور پر ایئر ایمبولینس کے ذریعے دمام کے شاہ فہد سپیشلسٹ ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ٹرانسپلانٹ کا آپریشن کامیاب رہا۔