کویت اردو نیوز : پاکستان کے ادارہ صحت نے کورونا کی نئی قسم کے بارے میں ایڈوائزری جاری کر دی ہے ۔
نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ اسلام آباد نے CoVID-19 (کورونا وائرس) کی نئی قسم JN1 کے بارے میں ایک ایڈوائزری جاری کی ہے۔
نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ کا کہنا ہے کہ ایڈوائزری کا مقصد متعلقہ حکام اور اسٹیک ہولڈرز کو احتیاطی تدابیر سے آگاہ کرنا ہے، کووِڈ 19 کے نئے ورژن کے نتیجے میں ملک کے اسپتالوں کی او پی ڈیز اور وارڈز پر دباؤ بڑھ سکتا ہے۔
ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ JN1 ویریئنٹ تیزی سے دنیا میں دیگر کوویڈ 19 ویریئنٹس کی جگہ لے رہا ہے، فی الحال پاکستان میں نئے ویریئنٹ JN1 کا کوئی بھی کیس رپورٹ نہیں ہوا ہے۔
ایڈوائزری کے مطابق کورونا سے بچاؤ کے اقدامات میں صابن سے ہاتھ دھونا اور سینیٹائزر کا استعمال شامل ہے، کورونا اور سانس کے دیگر وائرس سے بچنے کے لیے پرہجوم جگہوں پر جانے سے گریز کریں، کورونا سے بچاؤ کے لیے ویکسین اب بھی بہترین طریقہ ہے۔
اس سے قبل انہوں نے کہا تھا کہ صحت کے بین الاقوامی ضوابط کی سفارشات پر عمل درآمد کو یقینی بنا رہے ہیں، صوبائی اور علاقائی صحت کے اداروں کو ٹیسٹنگ بڑھانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
انہوں نے سردیوں میں کورونا یا فلو جیسی بیماریوں کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ماسک کا استعمال کرنے کی اپیل کی تھی ۔