کویت اردو نیوز : سعودی ولی عہد نے کویت کے نئے وزیراعظم کو مبارکباد دی ہے۔
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ہفتے کے روز کویت کے نئے وزیر اعظم شیخ محمد صباح السالم الصباح کو مبارکباد دی ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سعودی ولی عہد نے ٹیلی فون کال کے دوران ان کی کامیابی کی خواہش بھی کی۔
شیخ محمد صباح السالم الصباح نے ولی عہد شہزادہ کے برادرانہ جذبات کا شکریہ ادا کیا۔
یاد رہے کہ کویت کے امیر شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح جنہوں نے گزشتہ ماہ اپنے عہدے کا حلف اٹھایا تھا، نے جمعرات کوشیخ محمد صباح السالم الصباح کو کویت کے نئے وزیر اعظم کے طور پر کابینہ کے نئے ارکان کی تقرری کی ذمہ داری سونپی تھی۔
یاد رہے کہ عزت مآب شیخ محمد صباح ال سالم الصباح ( عربی : الشيخ محمد صباح السالم الصباح کی تاریخ پیدائش 10 اکتوبر 1955 ہے ، وہ ایک ممتاز کویتی سیاست دان، ماہر اقتصادیات و ماہر معاشیات ہیں۔ شیخ محمد صباح ال سالم الصباح 4 جنوری 2024 سے کویت کے وزیر اعظم کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ اپنے موجودہ کردار سے پہلے شیخ محمد صباح ال سالم الصباح نے کویت کے نائب وزیر اعظم کے طور پر خدمات انجام دیں، انہوں نے ملک کی حکمرانی و بین الاقوامی تعلقات میں بھی نمایاں کردار ادا کیا ہے ۔