کویت اردو نیوز،28جون: سعودی عرب، متحدہ عرب امارات سمیت دیگر خلیجی ممالک میں عیدالاضحیٰ آج مذہبی عقیدت سے منائی جارہی ہے۔
سعودی عرب میں نماز عید کے بڑے اجتماعات مسجد الحرام مکہ مکرمہ اور مسجد نبویﷺ میں منعقد ہوئے جہاں بڑی تعداد میں نمازیوں نے شرکت کی۔
نمازِ عید کے بعد حجاج کرام قربانی میں مصروف ہیں۔ قربانی کے بعد احرام کھول دیے جائیں گے
حجاج کے قافلے وقوف عرفہ اور مزدلفہ میں رات گزارنے اور نماز فجر کی ادائیگی کے بعد منیٰ پہنچے۔ عیدالاضحیٰ کے پہلے دن حجاج کرام نے رمی ادا کی جس کے بعد جمرت پہنچ کر حجاج کرام کے قافلے نے شیطان کو کنکریاں ماری۔
دبئی سمیت متحدہ عرب امارات کے مختلف شہروں میں عیدالاضحیٰ کی نماز ادا کر دی گئی، جبکہ عید کی نماز کے ہزاروں چھوٹے بڑے اجتماعات بھی منعقد ہوئے۔ متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید نے بھی عید کی نماز شیخ زید جامعہ مسجد میں ادا کی۔
برطانیہ، کینیڈا، امریکہ اور یورپی ممالک میں آج بھی عیدالاضحیٰ جوش و جذبے سے منائی جارہی ہے۔ نمازِ عید کے بعد سنتِ ابراہیمی، قربانی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
قطر، مسقط، بحرین میں بھی ہزاروں لوگوں نے نماز عید ادا کی جسکے بعد وہ قربانی کے عمل میں مصروف ہیں۔ مذکورہ بالا تینوں ممالک کے سربراہان نے بھی باجماعت نماز عید ادا کی اور عوام کیلئے خصوصی مبارکباد اور سلامتی کے پیغامات جاری کیے۔