کویت اردو نیوز : واٹس ایپ جلدہی ایک ایسانیا فیچر شامل کرنےکیلیےجا رہا ہے جسکا صارفین نے پہلےکبھی تصوربھی نہیں کیا ہوگا۔
میٹا کی ملکیت والی میسجنگ ایپ یورپی یونین کے ڈیجیٹل مارکیٹس ایکٹ کی تعمیل کرنے کے لیے تھرڈ پارٹی چیٹ آپشن کی جانچ کر رہی ہے۔
یہ واٹس ایپ کا ایک فیچر ہے جس کے ذریعے صارفین دیگر میسجنگ ایپس جیسے ٹیلی گرام اور سگنل وغیرہ پر دوستوں کے ساتھ چیٹ کر سکیں گے۔
WABetaInfo کی ایک رپورٹ کے مطابق iOS ڈیوائسز کے لیے واٹس ایپ کے نئے بیٹا ورژن میں اس فیچر کا اشارہ دیا گیا ہے۔
واٹس ایپ اور فیس بک میسنجر یورپ میں سب سے مقبول میسجنگ پلیٹ فارم ہیں، لیکن ایک نئے یورپی قانون کے تحت ٹیکنالوجی کمپنیوں کو چیٹ پورٹیبلٹی کو فعال کرنے کی ضرورت ہے۔
واٹس ایپ کے ساتھ ساتھ میٹا بھی فیس بک میسنجر میں کراس پلیٹ فارم میسجنگ فیچر متعارف کرانے پر کام کر رہا ہے۔
واضح رہے کہ ڈیجیٹل مارکیٹس ایکٹ کے تحت ٹیکنالوجی کی بڑی کمپنیوں میٹا، ایپل،ایمیزون، مائیکروسافٹ اور الفابیٹ کو نئے قوانین پر عمل درآمد کے لیے اپریل 2024 کی ڈیڈ لائن دی گئی ہے۔ یعنی واٹس ایپ میں یہ نیا فیچر اپریل 2024 تک متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔
اس نئے ایکٹ کے تحت میسجنگ سروسز کو کراس پلیٹ فارم میسجنگ کی خصوصیت کو یقینی بنانا ہوگا۔
جیسا کہ اوپر بتایا گیا ہے، یہ واٹس ایپ میں رہتے ہوئے دیگر ایپس کے صارفین کے ساتھ چیٹ کرنا ممکن بنائے گا۔
مثال کے طور پر، اگر آپ سگنل ایپ استعمال کر رہے ہیں، تو آپ WhatsApp اکاؤنٹ کی ضرورت کے بغیر بھی WhatsApp صارف کو پیغام بھیج سکیں گے۔
اسی طرح وٹس ایپ میں رہتے ہوئے ٹیلی گرام یا سگنل کا استعمال کرتے ہوئے کسی دوست سے بات چیت کی جاسکتی ہے اور ان ایپس کے اکاؤنٹس کی ضرورت نہیں ہے۔