کویت اردو نیوز : پاکستانی نژاد برطانوی ڈاکٹر نے ایپل واچ کی مدد سے پرواز میں معمر خاتون کی جان بچالی۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق انگلینڈ کے شہر ہیرفورڈ سے نیشنل ہیلتھ سروس (این ایچ ایس) کے ڈاکٹر راشد ریاض اپنی چھٹیاں منانے برمنگھم سے ویرونا جا رہے تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈاکٹر راشد ریاض فلائٹ پر تھے کہ 70 سالہ خاتون کی طبیعت اچانک بگڑ گئی اور انہیں سانس لینے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔
خاتون کی حالت دیکھ کر فلائٹ اٹینڈنٹ نے فلائٹ میں کسی ڈاکٹر کی موجودگی کا پوچھا جس پر پاکستانی نژاد ڈاکٹر راشد ریاض مدد کے لیے آگے آئے۔ ڈاکٹرراشد نے فلائٹ اٹینڈنٹ کے ہاتھ میں ایپل واچ دیکھ کر اس سے گھڑی مانگی اور مریضہ کی آکسیجن کی سطحوں کا اندازہ لگانے کے لیے اپنے مقامی ہیلتھ مانیٹرنگ سافٹ ویئر کو استعمال کیا ۔
ڈاکٹر راشد ریاض کا کہنا تھا کہ خاتون دل کے عارضے میں مبتلا تھیں اور ایپل واچ کی مدد سے ان کے لیے معمر خاتون کے کم ہوتے آکسیجن لیول کا پتہ لگانا آسان ہوگیا، اس طرح طیارے میں خاتون کو آکسیجن فراہم کرکے ان کی جان بچائی گئی۔