کویت اردو نیوز : ماہرین نے ترکی میں دنیا کی قدیم ترین روٹی دریافت کر لی ہے ۔ یہ روٹی 8,600 سال پرانی ہے ، مگر پکی ہوئی نہیں بلکہ کچی ہے۔
ترکی کی نیکمتین ایرباکان یونیورسٹی کے ماہرین آثار قدیمہ نے صوبہ قونیہ کے تاریخی مقام Çatalhöyük پر روٹی دریافت کی ، اس علاقے میں ایک حصہ ہے جسے mekan 66 کہا جاتا ہے جس میں مٹی کی اینٹوں سے بنے قدیم مکانات ہیں۔
یہ روٹی ایک تندور کے قریب سے دریافت ہوئی تھی اور ماہرین نے اسے دنیا کی قدیم ترین روٹی قرار دیا ہے ،ماہرین کے مطابق ہزاروں سال پہلے انسان نے آٹا ضرور گوندھا ہوگا لیکن پھر کسی وجہ سے اس کو پکانےکا ارادہ ترک کردیا۔
اس مقام پر روٹی، گندم، جَو وغیرہ بھی دریافت ہوئے اور تجزیے سے معلوم ہوا کہ یہ روٹی 8600 سال پرانی تھی ، ماہرین نے کہا کہ ہم کہہ سکتے ہیں کہ یہ دنیاکی سب سےقدیم ترین روٹی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گندم کو ہاتھ سے گوندھ کر پکایا نہیں جاتا تھا لیکن اس روٹی میں خمیر ہوتا ہے اور اس کے اندر موجود نشاستے نے اسے اب تک محفوظ کر رکھا ہے۔
ماہرین کے مطابق تجزیے سے ثابت ہوا کہ گندم اور پانی کو ملا کر تندور کے قریب چھوڑ دیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ جب ہم نے اسے دریافت کیا تو ہمیں شبہ ہوا کہ یہ روٹی ہے اور خوردبین سےدیکھنے کے بعد ہمیں اس میں دانے کے ذرات نظر آئے جس سے اس بات کی تصدیق ہوئی کہ یہ واقعی ایک روٹی ہے۔
ماہرین کا کہنا تھا کہ اس جگہ سے ملنے والی لکڑی اور روٹی کو مٹی کی ایک پتلی تہہ سے ڈھانپ دیا گیا تھا جس سے انہیں محفوظ رکھنے میں مدد ملی۔