کویت اردو نیوز : بھارت میں 103 سالہ شخص اس وقت انٹرنیٹ پر توجہ کا مرکز بن گیا جب اس نے اپنی تقریباً نصف عمر کی خاتون سے شادی کی۔
این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق حبیب نذر کی شادی بھوپال میں 49 سالہ فیروز جہاں سے ہوئی۔ حبیب نذر کی یہ تیسری شادی ہے۔ دوسری بیوی کی موت کے بعد وہ اکیلا تھا۔ حبیب نذر کے مطابق انہوں نے تنہائی سے نجات کے لیے تیسری شادی کی۔
اگرچہ یہ جوڑا گزشتہ سال شادی کے بندھن میں بندھ گیا تھا، لیکن شادی اس وقت سامنے آئی جب ان کے گھر میں داخل ہونے کی ایک ویڈیو انٹرنیٹ پر وائرل ہوئی۔
ویڈیو بنانے والے شخص کو نوبیاہتا جوڑے کو مبارکباد دیتے ہوئے سنا جا سکتا ہے۔ جس پر حیب نذر کا کہنا ہے کہ ’’کسی چیز کی کمی نہیں، کمی ہمارےدلوں میں ہے‘‘۔
بعد ازاں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے حبیب نذر نے کہا کہ میری عمر 103 سال ہے، اور میری بیوی کی عمر 49 سال ہے۔ میں نے پہلی بار ناسک میں شادی کی اور ان کی موت کے بعد میں نے لکھنؤ میں دوبارہ شادی کی۔
حبیب نذر کا مزید کہنا تھا کہ ‘جب سے ان کی دوسری بیوی بھی دنیا سے رخصت ہوئی، وہ خود کو تنہا محسوس کر رہے تھے، اس لیے انھوں نے تیسری شادی کر لی’۔
103 سالہ شخص سے شادی کے اپنے فیصلے کے بارے میں بات کرتے ہوئے فیروز جہاں کا کہنا تھا کہ ’یہ ان کا فیصلہ تھا اور اسے کسی نے مجبور نہیں کیا اور میرے شوہر بالکل ٹھیک ہیں اور انہیں کوئی طبی مسئلہ نہیں ہے۔