کویت اردو نیوز : تائیکوانڈو کھلاڑی دونیہ ابو طالب نے اولمپکس کیلیے کوالیفائی کرنیوالی پہلی سعودی ایتھلیٹ بن کرنئی تاریخ رقم کردی۔
عرب میڈیا نے رپورٹ کیا کہ تائیکوانڈو ٹیم کی رکن دونیہ ابو طالب باضابطہ طور پر اولمپکس کے لیے براہ راست کوالیفائی کرنے والی پہلی سعودی ایتھلیٹ بن گئیں۔ انہوں نے اولمپک گیمز کیلیے ایشیائی کوالیفائنگ راؤنڈجیتے۔
سعودی وزیر کھیل اور اولمپک کمیٹی کے چیئرمین شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی الفیصل نے بھی 27 سالہ دونیہ کو اولمپکس کے لیے کوالیفائی کرنے پر مبارکباد دی۔
امریکہ میں سعودی سفیر شہزادی ریما بندر السعود نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنی کامیابی شیئر کی اور تصدیق کی کہ دونیہ رواں سال پیرس میں ہونے والے اولمپک گیمز میں شرکت کریں گی۔
آٹھ سال کی عمر میں تائیکوانڈو شروع کرنے والی دونیہ ابو طالب کو اس پیشہ ورانہ کھیل میں داخل ہونے میں بہت سی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور تیرہ سال کی عمر میں انہیں بچوں کے ساتھ تربیت سے روک دیا گیا۔
اس کے بعد ان کی حوصلہ افزائی ان کے بھائی کے کوچ نے کی، جس نے کامیابی کی طرف اپنا سفر جاری رکھا، اور 2015 ء میں سعودی تائیکوانڈو فیڈریشن کا حصہ بننے کے بعد، اس نے 2016 ءمیں اردن میں ورلڈ تائیکوانڈو کلب چیمپئن شپ جیت کر گولڈ میڈل حاصل کیا۔ اس نے 2022 ءعرب تائیکوانڈو چیمپئن شپ میں بھی گولڈ میڈل جیتا تھا۔
ایک اندازے کے مطابق 2021 کے بعد سعودی عرب میں پیشہ ور خواتین ایتھلیٹس اور کھلاڑیوں کی تعداد میں 195 فی صد اضافہ ہوگا۔
میڈیا رپورٹس کہمطابق سعودی عرب نےحالیہ برسوں میں ویژن 2030 کےتحت اپنے نوجوانوں کیلیے کھیلوں میں بہت زیادہ سرمایہ کاری کی ہے،جس میں خواتین اور لڑکیوں کوخصوصی اہمیت دی جارہی ہے۔ مملکت سعودی عرب میں 330,000 خواتین ایتھلیٹس رجسٹرڈ ہیں۔