کویت اردو نیوز : رمضان المبارک کے آخری عشرہ میں اعتکاف کرنے والوں کیلیے رجسٹریشن اتوار سے شروع ہو گئی ہے۔
سعودی خبر رساں ایجنسی "ایس پی اے” نے الحرمین االشریفین کے امور کی اتھارٹی کی طرف سے جاری کردہ بیان کے حوالے سے مزید کہا ہے کہ مسجد الحرام میں خود کو اعتکاف کرنے کے خواہش مند مسلمان اتوار سے شروع ہونے والے الیکٹرانک پورٹل پر اپنا ڈیٹا رجسٹر کر سکتے ہیں۔
حرمین انتظامیہ کی جانب سے اعتکاف کی رجسٹریشن کے لیے ایک لنک جاری کیا گیا ہے جس کے ذریعے رجسٹریشن کے بعد اجازت نامہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ حرمین شریفین میں اعتکاف کرنے والوں کو تمام سہولیات میسر ہیں۔ ہر اعتکاف کرنے والے کو ایک خصوصی کارڈ جاری کیا جاتا ہے، اور ان کے لیے ایک خصوصی لاکر مہیا کیا جاتا ہے جس میں وہ اپنی ضروری چیزیں رکھ سکتے ہیں۔
رجسٹریشن کا عمل اس وقت تک جاری رہے گا جب تک کہ اعتکاف کی مخصوص تعداد مکمل نہیں ہو جاتی۔ مخصوص نمبر مکمل ہونے کے بعد ویب سائٹ اور پورٹل بند کر دیے جائیں گے، جس کے بعد ان درخواست دہندگان کو مخصوص اجازت نامے جاری کیے جائیں گے ۔
حرمین شریفین اتھارٹی کی جانب سے اعتکاف کرنے والے کی کم از کم عمر 18 سال مقرر کی گئی ہے۔ 20 رمضان المبارک کو مسلمان مسجد الحرام میں اعتکاف کریں گے ۔