کویت اردو نیوز : دنیا کے 100 آلودہ ترین شہروں کی فہرست جاری کردی گئی ہے اور اس میں ایک ہی ملک کے 83 شہر شامل ہیں۔
سوئس ایئر کوالٹی مانیٹرنگ آرگنائزیشن آئی کیو ایئر نے دنیا کے 100 آلودہ ترین شہروں کی فہرست جاری کی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ ان تمام شہروں میں ہوا کا معیار عالمی ادارہ صحت کے مقرر کردہ معیارات سے بھی زیادہ خراب ہے۔
رپورٹ کے لیے جن 7,800 شہروں کی ہوا کا معیار جانچا گیا، ان میں سے صرف 9 فیصد شہر عالمی ادارہ صحت کے طے کردہ معیارات کے مطابق تھے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال دنیا کے 100 آلودہ ترین شہروں میں سے ایک شہر کے علاوہ تمام کا تعلق ایشیائی ممالک سے ہے جن میں سے 83 شہروں کا تعلق صرف ایک ملک سے ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ سال دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں سے 83 بھارت کے تھے۔
اس تحقیق میں فضا میں ذرات (PM2.5) کی مقدار دیکھی گئی۔ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے مطابق کسی علاقے میں PM2.5 ذرات کی سالانہ اوسط 5 مائیکروگرام فی مکعب میٹر ہونی چاہیے۔
وسطی اور جنوبی ایشیا فضائی آلودگی کے لحاظ سے دنیا کے بدترین کارکردگی والے خطوں میں شامل ہیں۔ گزشتہ سال سب سے زیادہ آلودہ ممالک میں بنگلہ دیش، پاکستان، بھارت اور تاجکستان شامل تھے۔
رپورٹ کے مطابق بھارتی شہر بجار سرائے گزشتہ سال دنیا کا سب سے آلودہ شہر تھا جہاں گزشتہ سال پی ایم 2.5 کی سطح 118.9 مائیکرو گرام تک پہنچ گئی۔ گوہاٹی، دہلی اور ملاں پور فہرست میں دوسرے، تیسرے اور چوتھے نمبر پر ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ہندوستان میں 1.30 بلین لوگ یا 96 فیصد آبادی عالمی ادارہ صحت کے مقرر کردہ معیار سے سات گنا زیادہ آلودہ ہوا میں رہتی ہے۔