کویت اردو نیوز 08 دسمبر: سعودی عرب اور عمان کے مابین مختلف منصوبوں پرمشترکہ کام کے لیے مفاہمت کی 13 یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق سعودی عرب اور عمان نے مختلف منصوبوں پرمشترکہ کام کے لیے مفاہمت کی تیرہ یادداشتوں پر دستخط کیے۔ ان کے تحت مختلف شعبوں میں دوطرفہ منصوبوں کونجی کمپنیوں کے ذریعے مکمل کیا جائے گا۔ عُمان کے سرکاری ٹیلی ویژن نے خبردی ہے کہ منرلز ڈویلپمنٹ کمپنی نے کان کنی کے شعبے میں تلاش اور ترقی کے مواقع کا جائزہ لینے کے لیے سعودی معدن کمپنی کے ساتھ ایک سمجھوتے پر دستخط کیے ہیں۔ عمانی اوکیوگروپ نے سعودی اے سی ڈبلیو اے پاور، ایئر پروڈکٹس، آرامکو ٹریڈنگ اور ایس اے بی آئی سی کے ساتھ مفاہمت کی تین یادداشتوں پر دستخط کیے ہیں۔ مسقط اسٹاک ایکس چینج کا اسٹاک مارکیٹ کے کاموں اور کمپنیوں کے دُہرے اندراج میں تعاون کے لیے سعودی تداول گروپ کے ساتھ ایک سمجھوتا طے پایا ہے۔ یاد رہے کہ سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے جی سی سی سربراہ اجلاس سے قبل سوموار کو خلیجی دورے کا آغاز کیا ہے۔ وہ سلطنت عمان ، متحدہ عرب امارات، بحرین، قطر اور کویت جائیں گے جبکہ خلیج تعاون کونسل کا سربراہی اجلاس رواں ماہ سعودی دارالحکومت الریاض میں ہو گا۔