کویت اردو نیوز : سعودی عرب میں مدینہ میونسپلٹی کا کہنا ہے کہ شہریوں کے طرز زندگی کو بہتر بنانے کے لیے مختلف علاقوں اور شاہراہوں میں مخصوص سائیکل ٹریک بنائے گئے ہیں۔
سبق نیوز کے مطابق مدینہ منورہ میں بنائے جانے والے سائیکل ٹریک کی کل لمبائی 70 کلومیٹر ہے، جس کا مقصد معاشرے میں ورزش کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے لوگوں کو بہتر ماحول فراہم کرنا ہے۔
سائیکلوں اور ای سکوٹرز کے لیے 165 ‘کریم بائیک’ سروس پوائنٹس مختلف مقامات پر قائم کیے گئے ہیں جہاں سے سائیکل اور ای سکوٹر حاصل کر کے سائیکل چلائی جا سکتی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ سائیکل ٹریکس کو معاشرے کے تمام طبقات کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے بین الاقوامی معیار کے مطابق ڈیزائن کیا گیا ہے جہاں عام سائیکل سواروں کے لیے الگ ٹریک ہے جبکہ سائیکل چلانے کے ماہرین اور خصوصی افراد کے لیے الگ ٹریک بنائے گئے ہیں۔
2025 کے آخر تک شہر میں مزید 33 مقامات پر 220 کلومیٹر طویل ٹریک بنائے جائیں گے تاکہ لوگ صحت مند ماحول میں پیدل، سائیکلنگ اور ورزش کرسکیں۔
مسجد نبوی کےاطراف کے علاوہ دیگر علاقوں میں بنائے گئے ٹریکس میں کرائے پر سائیکل کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔
‘کریم بائیک’ سروس کے ذریعے مطلوبہ وقت کے لیے سائیکلیں، ای سکوٹر اور بچوں کی گاڑیاں کرائے پر لی جا سکتی ہیں۔