کویت اردو نیوز 13 اپریل: مصر میں ایک خیراتی انجمن کی جانب سے ملک کے شمال میں واقع ایک گاؤں ابیس میں غریب خواتین میں مویشیوں کی ہڈیاں تقسیم کرنے کی تصاویر فیس بک پر گردش میں آنے کے بعد
عوامی حلقوں کی جانب سے غم و غصے پر مبنی رد عمل سامنے آیا ہے۔ مذکورہ تصاویر کو ذلت آمیز قرار دیا جا رہا ہے جبکہ انجمن کا کہنا ہے کہ مویشیوں کی ہڈیوں سے اہم غذائی عناصر سے بھرپور شوربہ تیار ہوتا ہے جو دو یا تین روز کے لیے کافی ہوتا ہے۔ اس بیان نے عوامی حلقوں کو چراغ پا کر دیا۔ بعد ازاں انجمن نے تصاویر کو فیس بک پر سے ہٹا لیا۔ ادھر انجمن کے ذمہ دار محمد غالی نے واضح کیا کہ درحقیقت ادارے نے لوگوں کو پہلے گوشت پیش کیا تھا تاہم بعد ازاں ان لوگوں نے گوشت کے ساتھ ہڈیوں کا بھی مطالبہ کیا تاکہ انہیں شوربہ بنانے میں استعمال کر سکیں۔ یاد رہے کہ
تنازع کا سبب بننے والی تصاویر میں متعدد خواتین کو عطیے کے طور پر "مویشیوں کی ہڈیاں” وصول کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ واضح رہے کہ مصر میں گوشت کے نرخ 200 پونڈ فی کلو تک پہنچ گئے ہیں۔ سوشل میڈیا صارفین نے مذکورہ انجمن کے محاسبے کا مطالبہ کیا ہے۔