کویت اردونیوز 15 اپریل: معروف سماجی رہنما مرحوم عبدالستار ایدھی کی اہلیہ بلقیس ایدھی 74 برس کی عمر میں دار فانی سے کوچ کرگئیں۔
تفصیلات کے مطابق معروف سماجی رہنما عبدالستار ایدھی کی بیوہ اور سماجی کاموں کے حوالے سے معروف بلقیس ایدھی کے انتقال کی تصدیق ان کے بیٹے فیصل ایدھی نے کی۔ بلقیس ایدھی گزشتہ چند روز سے انتہائی علیل اور کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج تھیں۔ طبیعت بگڑنے پر انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا تھا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکیں۔ پاکستان کی سب سے بڑی فلاحی تنظیم ایدھی فاؤنڈیشن اور ایشیا کی سب سے بڑی نجی فلاح ایمبولینس سروس کو بنانے میں بلقیس ایدھی نے اپنے شوہر عبدالستار ایدھی کا بھرپور ساتھ دیا۔محض سولہ برس کی عمر میں انہوں نے ایدھی صاحب کے نرسنگ اسکول سے
نرسنگ کی تربیت حاصل کر کے اسی ادارے میں دو برس تک خدمات انجام دیں۔ عبدالستار ایدھی سے شادی کے بعد انہوں نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔ ان کی خدمات کے صلے میں حکومت پاکستان کی جانب سے انہیں ہلال امتیاز سے نوازا گیا جبکہ
بھارت کی جانب سے دوہزار پندرہ میں مدر ٹریسا ایوارڈ سے نوازا گیا۔ بلقیس ایدھی کے صاحبزادے فیصل ایدھی نے بتایا کہ "پیاری امی جان دنیا میں نہیں رہیں، والدہ پھیپھڑوں کے عارضے میں مبتلا تھیں، مختصر علالت کے بعد رضائے الٰہی سے انتقال کرگئیں”۔ واضح رہے کہ عبدالستار ایدھی کے انتقال کے بعد مرحومہ ایدھی فاؤنڈیشن کی چیئرپرسن تھیں۔