کویت اردو نیوز 01 مئی: مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیرآزاد کا کہنا ہے کہ پاکستان کے کسی بھی حصے میں شوال کے چاند کی شہادت موصول نہیں ہوئی لہٰذا
پہلی عید الفطر 3 مئی بروز منگل ہوگی۔ اسلام آباد میں شوال کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیرِ صدارت ہوا جب کہ پاکستان بھر میں زونل ہلال کمیٹی کے اجلاس بھی منعقد ہوئے۔ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا عبد الخبیر آزاد نے کہا کہ پاکستان بھر میں زونل ہلال کمیٹی کے اجلاس ہوئے، لاہور، کراچی، پشاور اور کوئٹہ میں منعقد ہوئے، شوال کا چاند نظر نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ شوال کا چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی، شوال کا چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی، عید الفطر 3 مئی بروز منگل کو ہوگی، ہماری کوشش ہے کہ
اس پلیٹ فارم کو منظم کریں۔ دوسری جانب آبادی کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں شوال کا چاند نظر نہ آنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ شوال کا چاند دیکھنے کے لیے زونل رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس لاہور میں ہوا جس کے بعد مفتی رمضان سیالوی نے اعلان کیا کہ
پنجاب میں شوال کا چاند نظر آنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی۔ سندھ کے شہر کراچی میں بھی شوال کا چاند نظر نہ آنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے پہلے ہی پیشگوئی کر دی تھی کہ امکان ہے کہ چاند کی پیدائش ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب 1 بج کر 28 منٹ پر ہوگی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پاکستان میں یکم مئی کو شوال کا چاند نظر آنے کے امکانات نہیں، ملک کے زیادہ تر حصوں میں آسمان پر بادل چھائے رہیں گے، عید الفطر 3 مئی بروز منگل کو ہونے کے قوی امکانات ہیں۔ دوسری جانب سعودی عرب و دیگر خلیجی ممالک میں کل بروز پیر عید الفطر 2 مئی کو ہوگی۔