کویت اردو نیوز 23 جون: عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں تین فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ امریکی صدر جو بائیڈن کی جانب سے ایندھن پر عائد ٹیکس میں تین ماہ کیلئے استثنیٰ دینے کی خبر سامنے آئی ہے جس کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی ہوگئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق آج عالمی منڈی میں برطانوی برینٹ کروڈ آئل کی قیمت میں تقریباً 2.5 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے اور قیمت 2.91 ڈالر فی بیرل کم ہوگئی ہے۔ اس کے علاوہ امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمت 7.1 فیصد یعنی 7.74 ڈالر کم ہوکر 101.78 ڈالر فی بیرل پر آگئی ہے۔ خیال رہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن جلد کانگریس کے سامنے یہ تجویز رکھنے کا ارادہ رکھتے ہیں کہ امریکی شہریوں کو ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمت کے تناظر میں ریلیف دینے کیلئے فیڈرل ٹیکس میں تین ماہ کیلئے چھوٹ دی جائے۔
دوسری جانب امریکی فیڈرل ریزرو کی جانب سے شرح سود میں اضافہ کی اطلاعات سامنے آئی ہیں جس کے باعث عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ امریکا میں پیٹرول پر اس وقت 18.4 سینٹس فی گیلن فیڈرل ٹیکس لیا جارہا ہے جبکہ ڈیزل پر 24.4 سینٹ فی گیلن ٹیکس لاگو ہے جسے ختم کرنے کیلئے امریکی کانگریس کی منظوری ضروری ہے۔ ایک موقع پر ٹریڈنگ کے دوران آئل کی قیمت 107.03 ڈالر فی بیرل تک آگئی تھی تاہم دن کے اختتام تک قیمت میں دوبارہ اضافہ ہوا جو کہ اب 111.74 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گئی ہے۔