کویت اردو نیوز 29 جون: تھائی حکام کا کہنا ہے کہ بنکاک کے سوورنابومی ہوائی اڈے پر دو بھارتی خواتین کو جانور اسمگلنگ کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے جن کے سامان سے زندہ جانور برآمد ہوئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق تھائی لینڈ میں محکمہ نیشنل پارکس، وائلڈ لائف اور پلانٹ کنزرویشن نے کہا ہے کہ ” سامان کی سکیننگ کے دوران دو بیگز کے اندر سے جنگلی جانور ملے ہیں”۔ وائلڈ لائف کے اہلکاروں کو جائے وقوعہ پر بلایا گیا جنہیں دو بیگز کے اندر سے ایک سفید ساہی، دو آرماڈیلو، 35 کچھوے، 50 چھپکلیاں اور 20 سانپ ملے۔ ان دونوں خواتین پر جنگلی حیات کے تحفظ کے قانون 2015 کے جانوروں کی بیماریوں کے قانون اور 2017 کے کسٹم قانون کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
تھائی حکام نے مزید کہا کہ ” دونوں بیگ دو ہندوستانی خواتین کے ہیں جن کے نام نتھیا راجہ (38 سال) اور ذکیہ سلطانہ ابراہیم (24 سال) ہیں اور وہ دونوں بھارت کے شہر چنئی جانے والے طیارے میں سوار ہونے والی تھیں”۔
ہوائی اڈے پر جانوروں کی اسمگلنگ ایک طویل عرصے سے ایک مسئلہ رہا ہے۔ 2019 میں بھی ایک شخص کو بنکاک سے بھارت کے شہر چنئی پہنچنے کے بعد مبینہ طور پر ہوائی اڈے پر حراست میں لیا گیا تھا کیونکہ کسٹم افسران کو اس کے سامان میں سے ایک ماہ کا شیر کا بچہ ملا تھا۔ مارچ 2022 میں
وائلڈ لائف ٹریڈ واچ ڈاگ ٹریفک کی جاری کردہ ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2011 سے 2020 کے درمیان 18 ہندوستانی شہریوں کو ہوائی اڈوں پر 140 کارروائیوں میں 70,000 سے زیادہ جنگلی جانوروں کے ساتھ پکڑا گیا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تمل ناڈو میں چنئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سب سے زیادہ جنگلی حیات کی ضبطی کے واقعات ریکارڈ کیے گئے ہیں اس کے بعد ممبئی کے چھترپتی شیواجی بین الاقوامی ہوائی اڈے جبکہ نئی دہلی کے اندرا گاندھی ایئرپورٹ پر ہیں۔