کویت اردو نیوز 25 اگست: کویت کے وزیر صحت ڈاکٹر خالد السعید نے بدھ کے روز نیو فروانیہ ہسپتال کی عمارت کے پہلے آپریٹنگ فیز کا آغاز کیا جو کہ صحت کے شعبے، قومی ترقی کے منصوبے اور نیو کویت 2035 ویژن میں بہت بڑا تعاون ہے۔
افتتاحی تقریب کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر سعید نے کہا کہ انہیں اس طبی سنگ میل پر فخر ہے جو کہ امیر کویت شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح اور ولی عہد شہزادہ شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح کی ہدایت پر شہریوں کو صحت کی بہترین خدمات فراہم کرنے کے لیے صحت کے ان نظام کے بڑے اقدامات کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ یہ پراجیکٹ، جسے فروانیہ گورنریٹ میں شہریوں کی خدمت کے لیے ایک انتہائی قیمتی اضافہ سمجھا جاتا ہے 423,000 مربع میٹر کے رقبے پر محیط ہے اور اس میں پانچ اہم عمارتیں شامل ہیں۔
دریں اثنا، وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر عبداللہ السند نے بتایا کہ ہسپتال کی مرکزی عمارت اور بیرونی مریضوں کے کلینک میں چار مین ٹاورز شامل ہیں جو نو منزلوں پر مشتمل ہیں۔
ڈاکٹر السند نے کہا کہ ہسپتال میں 314 جنرل کلینک شامل ہیں جبکہ ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ میں 71 کلینکس شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہسپتال میں 233 انتہائی نگہداشت کے بستروں کی گنجائش کے ساتھ مختلف استعمال کے لیے 31 آپریٹنگ رومز شامل ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اسپتال میں دانتوں کی دیکھ بھال کے لیے ایک عمارت اور ایک مین پاور جنریٹر کے ساتھ ساتھ چھ سب جنریٹر بھی شامل ہیں، جو اسپتال کی ضروریات کو پورا کرسکتے ہیں۔ ڈاکٹر السند نے نئے ہسپتال میں تعاون کرنے والی عظیم کوششوں کی تعریف کی اور ان کا شکریہ ادا کیا۔