متحدہ عرب امارات کا مریخ پر جانے والا خلائی مشن ’ہوپ‘ آج جاپان کے تانیگاشیما خلائی اڈے سے روانہ کر دیا گیا ہے اس موقع پر مُلک بھر میں کیسا جوش و خروش پایا گیا
پچاس کروڑ کلومیٹر طویل سفر کے بعد یہ روبوٹک خلائی جہاز فروری 2021 میں مریخ تک پہنچے گا۔
ہوپ کی سائنسی ٹیم کی سربراہ سارہ العامری ہیں جو متحدہ عرب امارات کی وزیرِ سائنسی ترقی بھی ہیں۔
وہ کئی لحاظ سے اس مشن کا چہرہ ہیں اور وہ اوائل میں محمد بن راشد سپیس سینٹر سے بطور سافٹ ویئر انجینیئر وابستہ ہوئی تھیں۔ اب وہ خلا کے لیے اپنے اس جذبے کو آگے پھیلانا چاہتی ہیں۔
یہ بات بھی اہم ہے کہ ہوپ پر کام کرنے والے اماراتیوں میں سے 34 فیصد خواتین ہیں۔ سارہ کہتی ہیں کہ ‘مگر یہ بات زیادہ اہم ہے کہ ہمارے پاس اس مشن کی قیادت کرنے والی ٹیم میں بھی صنفی مساوات ہے۔’
متحدہ عرب امارات کی حکومت کا کہنا ہے کہ یہ سیٹلائٹ اُن کئی منصوبوں میں سے ایک ہے جن کا مقصد ملکی معیشت کا انحصار تیل اور گیس سے ختم کر کے اسے سائنس و ٹیکنالوجی پر مبنی ایک معیشت بنانا ہے۔