کویت اردو نیوز 08 جنوری: کویت میں مقیم ایک بھارتی شہری نے کویت کے کمرشل بینک کے ذریعہ منعقدہ النجمہ اکاؤنٹ ڈرا میں 1.5 ملین کویتی دینار کا بڑا انعام جیت لیا۔
جنوبی ہندوستان کی ریاست کیرالہ سے تعلق رکھنے والے ہندوستانی شہری موسٰی کویا نے کویت کے کمرشل بینک کے ذریعہ منعقدہ النجمہ اکاؤنٹ ڈرا میں 15 لاکھ کویتی دینار ( تقریباً 1 ارب 9 کروڑ پاکستانی روپے) کا عظیم الشان انعام جیت لیا۔
عظیم الشان انعامی قرعہ اندازی جو جمعرات کو المروز میں ہزاروں بے چین امید مندوں کے درمیان منعقد ہوئی موسٰی کویا کے لیے انتہائی خوش قسمت نکلی۔
موسی کویا 30 سال سے زیادہ عرصے سے کویت میں مقیم ہیں اور مقامی خبر رساں ادارے کویت ٹائمز کے ملیالم ڈیسک پر کام کرتے تھے۔ اس کے بعد انہوں نے کویت کے علاقے منقف میں انڈین انٹرنیشنل اسکول میں بطور ڈائریکٹر شمولیت اختیار کی اور آج تک اسی عہدے پر کام کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ یہ کویت میں سب سے زیادہ جیتنے والی رقم ہے جسے اس سے پہلے کویت میں رہنے والے ایک پاکستانی شہری جو کہ ایک نجی کمپنی میں ٹرک ڈرائیور کا کام کرتا تھا نے جیتا تھا جبکہ موسٰی کویا یہ انعامی رقم جیتنے والا دوسرا غیرملکی بن گیا ہے۔