کویت اردو نیوز،۲۵ مئی: دبئی کی روڈ اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے)نے 350 نایاب لائسنس پلیٹیں نیلامی میں سرمایہ کاروں اور کلکٹرز کو فروخت کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ یہ لائسنس پلیٹیں مختلف فارمیٹس میں آتی ہیں، جیسے ونٹیج کاروں اور موٹرسائیکلوں کے لیے دو ہندسوں کی پلیٹیں اور منفرد کوڈ والی نجی کاروں کے لیے تین، چار اور پانچ ہندسوں والی پلیٹیں آر ٹی اے کیجانب سے 71 ویں لگژری لائسنس نمبر کی آن لائن نیلامی میں پیش کی جائیں گی-
22 مئی کو اس آن لائن نیلامی کے لیے رجسٹریشن شروع ہوگئی ہے جبکہ 29 مئی کو صبح 8 بجے بولی لگائی جائے گی۔ نیلامی میں صرف پانچ دن باقی ہیں۔ اس نیلامی میں، لائسنس پلیٹیں 5% VAT کے ساتھ فروخت کی جاتی ہیں۔ حصہ لینے کےلیے ہر بولی دہندہ کے پاس دبئی ٹریفک فائل ہونا ضروری ہے۔ انہیں RTA کو 5,000 درہم کا سکیورٹی چیک بھی پیش کرنا ہوگا اور 120 درہم کی ناقابل واپسی شرکت کی فیس ادا کرنی ہوگی۔
دبئی کی "P7” نمبر پلیٹ نے اپریل میں فروخت ہونے والی سب سے مہنگی نمبر پلیٹ ہونے کا نیا ریکارڈ قائم کیا۔ جیتنے والے بولی دہندہ کی قیمت 55 ملین درہم ($15 ملین) تھی۔ اس لین دین نے سابقہ عالمی ریکارڈ توڑ دیا، جو 16 سال قبل ابوظہبی میں 52.5 ملین درہم میں قیمتی لائسنس پلیٹ فروخت کرکے حاصل کیا گیا تھا۔