کویت اردو نیوز،13 جولائی: سرچ انجن گوگل نے گزشتہ روز اپنے ڈوڈل کو جنوبی ایشیا کے مشہور سٹریٹ فوڈ ’پانی پوری‘ کے نام کر دیا ہے اور اسی مناسبت سے صارفین کو ایک گیم کی سہولت بھی دی گئی ہے۔
پانی پوری کو کئی ممالک میں ’گول گپے، پھچکا، پتاشے یا بتاشے بھی کہا جاتا ہے، یہ بھارت، پاکستان اور بنگلادیش سمیت جنوبی ایشیائی ممالک کا مشہور اسٹریٹ فوڈ ہے۔
’پانی پوری‘ ایک اسٹریٹ فوڈ آئٹم ہے جو آلو، چنے، مسالے یا مرچوں سے بھرے کرسپی گول گپے ذائقہ دار پانی کے ساتھ پیش کیے جاتے ہیں۔
پاکستان اور بھارت کے ہر چھوٹے بڑے شہروں کے بازار، مرکزی شاہراہوں یا گلی کے کسی کونے میں پانی پوری اور گول گپے کی دکان میں بھیڑ دکھائی دیتی ہے، اور لوگ اسے شوق سے خرید کر کھاتے ہیں۔
جب آپ کسی دکان سے پانی پوری خریدتے ہیں تو اسے بنانے کا طریقہ ہر جگہ مختلف ہوتا ہے۔
کچھ لوگ بھیڑ میں بھی شرمندگی محسوس کیے بغیر بڑا منہ کھول کر باآسانی اسے کھا لیتے ہیں، اور کچھ لوگ اسے الگ تھلک کھانا پسند کرتے ہیں۔
پوری میں اپنی انگلی سے سوراخ کریں اور اس میں اپنے منتخب اجزا جیسا کہ ابلے ہوئے چنے، مسالے، ابلے ہوئے آلو کے ٹکڑے، باریک کٹی پیاز، پاپڑی، املی کی کھٹی میٹھی چٹنی ڈال کر اور یا پھر خالی ہی مسالے دار کھٹے میٹھے پانی میں ڈالیں اور کھا جائیں۔
پانی پوری بھارت سمیت مختلف ممالک میں 12 مہینے یکساں پسند کیے جاتے ہیں
گول گپے یا پانی پوری بھارت سمیت مختلف ممالک میں سال کے 12 مہینے پسند کیے جاتے ہیں، جسکو کھانے کے بعد آپ کے منہ سے پانی بھی نکل آئے گا اور آنکھوں سے آنسو بھی، لیکن اسے کھانے کا لمحہ انتہائی خوشگوار ہوتا ہے۔
گزشتہ روز یعنی (12 جولائی) کے دن گوگل کی جانب سے پانی پوری کا ڈوڈل بنایا گیا اور ساتھ ہی گول گپے کی دلچسپ انیمیٹڈ گیمز بھی پیش کی گئیں۔
ڈوڈل بنانے کا مقصد یہ ہے کہ سنہ 2015 میں بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے شہر اندور کے ایک ریستوران نے 51 قسم کی مختلف پانی پوری کے مختلف ذائقے پیش کرکے عالمی ریکارڈ بنایا تھا