کویت اردو نیوز،11اگست: متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیثی نے کہا ہے کہ اگر یو اے ای سے آنے والے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں کام کرنے کیلئے فری ہینڈ ملے اور دشواریوں سے پاک اور محفوظ ماحول میسر آئے تو یہاں وہ سب کچھ نظر آنے لگے گا جو اس وقت دبئی میں نظر آتا ہے۔
پاکستان میں یو اے ای قونصلیٹ میں پاکستان کی یوم آزادی کے حوالے سے خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان سیاسی و معاشی لحاظ سے انتہائی سنگین صوتحال سے دوچار ہے۔
وقت کا تقاضہ یہی ہے کہ پوری قوم اندرونی و بیرونی دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے صرف پاکستان کی خاطر متحد ہو جائے اور اس وطن کو مضبوط کریں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بخیت عتیق الرومیثی نے کہا کہ یو اے ای سمیت دیگر عرب ممالک کے سرمایہ کاروں کے تجربے سے سیکھ کر پاکستان میں بہتر انداز میں کاروبار کیا جا سکتا ہے، جس سے دونوں ملکوں کے تعلقات میں بھی مزید بہتری آئے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ حالیہ قائم ہونے والی خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کا مقصد بھی خلیجی ممالک سے پاکستان کے لیے ممکنہ سرمایہ کاری میں آسانی لاتے ہوئے اس میں تیزی لانا ہے جب کہ اماراتی سرمایہ کاروں کی آمد سے پاکستانی عوام کو بھی فائدہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اگر ان سرمایہ کاروں کو یہاں کام کرنے کا موقع دے تو پاکستان میں بھی آپ کو دبئی میں نظر آئیگا۔