کویت اردو نیوز،19اگست: پاکستان کی قومی ائیرلائن ’’پی آئی اے‘‘ کی دبئی سے اسکردو کے لیے پہلی براہِ راست بین الاقوامی پرواز پیر کی صبح 80 مسافروں کو لے کر اتری۔ اس امر کا اعلان ترجمان پی آئی اے نے پیر کے روز کیا۔
اسکردو آنے والی پہلی پرواز کے مسافروں اور حکام نے کہا ہے کہ یہ راستہ پاکستان کے خوبصورت شمالی علاقہ جات کو غیر ملکی مسافروں کے لیے مزید قابل رسائی بنائے گا اور متحدہ عرب امارات میں کام کرنے والے مقامی لوگوں کے لیے سفر میں آسانی ہوگی۔
سکردو ایک خوبصورت وادی ہے جو سطح سمندر سے 7000 فٹ کی بلندی پر واقع ہے یہ خطہ متعدد جنگلی حیات کا مسکن ہے جن میں برفانی چیتے، پہاڑی بکرے اور مارخور شامل ہیں۔
اسکردو انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا افتتاح دسمبر 2021 میں ہوا تھا۔
پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ حفیظ خان نے بتایا، "پی آئی اے کی پہلی بین الاقوامی پرواز 80 مسافروں کے ساتھ دبئی سے اسکردو کے لیے صبح 8:45 پر اتری۔”
میڈیا کو جاری کردہ ایک بیان میں پی آئی اے نے فلائٹ آپریشن کو "پی آئی اے اور پاکستانی عوام کے لیے ایک اہم موقع” قرار دیا۔۔”
تقریباً چار گھنٹے تیس منٹ طویل دبئی-اسکردو پرواز ہفتے میں ایک بار چلے گی۔
ایک مسافر نے بتایا کہ "براہ راست پرواز ہمارے لیے ایک ‘نعمت’ ہے۔ کیونکہ میں 2015 سے متحدہ عرب امارات میں کام کر رہا ہوں اور دبئی سے اسکردو کا سفر ہمارے لیے درد سر تھا۔ پہلے ہمیں اسلام آباد یا کراچی جانا پڑتا اور پھر اسکردو۔
خراب موسم کی صورت میں کبھی کبھی پورا ہفتہ سفر میں لگ جاتا ۔ یہ نہ صرف مالی بوجھ تھا بلکہ ہماری چھٹیاں بھی ضائع ہو جاتی تھیں۔ اب ہم بہت خوش ہیں کیونکہ ہم ایک ہی دن میں گھر پہنچ سکتے ہیں