کویت اردو نیوز ، 10 اکتوبر 2023: رواں سال کا دوسرا اور آخری سورج گرہن 14 اکتوبر کو ہوگا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ماہرین فلکیات نے اس سورج گرہن کو ‘رنگ آف فائر’ کا نام دیا ہے اور اس دوران چاند سورج کو مکمل طور پر اپنے پیچھے نہیں چھپا سکے گا، اس لیے سورج کا بیرونی حصہ آگ کے حلقے کی طرح نظر آئے گا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سورج گرہن پاکستان میں نظر نہیں آئے گا، سورج گرہن جنوب مغربی میکسیکو، وسطی امریکا کے مختلف ممالک میں دیکھا جاسکے گا جب کہ وسطی کولمبیا اور شمالی برازیل میں بھی دیکھا جاسکے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سورج گرہن 14 اکتوبر کو پاکستانی وقت کے مطابق رات 8 بج کر 4 منٹ پر شروع ہو گا، سورج گرہن پاکستانی وقت کے مطابق رات 10 بج کر 59 منٹ پر اپنے عروج کو پہنچے گا اور 15 اکتوبر کو پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 1 بج کر 55 منٹ پر ختم ہوگا۔