کویت اردو نیوز ، 19 اکتوبر 2023 : کینیا کے ایک شخص کو حال ہی میں اس وقت گرفتار کیا گیا جب اس نے 26 مختلف مقدمات میں اپنے مؤکلوں کی نمائندگی کرنے کے لیے بطور وکیل خود کو پیش کیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق برائن میوندا نامی شخص نے جعلی وکیل بن کر 26 کیسز لڑے اور حیران کن طور پر تمام میں کامیابی حاصل کی۔
اس سے بھی زیادہ حیران کن بات یہ ہے کہ اس شہری نے بطور وکیل کوئی باقاعدہ تربیت حاصل نہیں کی۔ یہ نوجوان شہری 26 مختلف مقدمات میں کورٹ آف اپیل ججز اور سپریم کورٹ کے ججوں کے سامنے مؤکلوں کی نمائندگی کرنے کے قابل تھا۔ اس نے اپنے آپ کو ایک قابل وکیل کے طور پر پیش کیا، اور وہ بھی اس انداز میں جس پر کسی جج کو شک نہیں تھا۔
کینیا کی لاء سوسائٹی (ایل ایس کے) نے برائن میونڈا نامی حقیقی وکیل کی جانب سے شکایات موصول ہونے پر نوجوان جعلی وکیل کو گرفتار کر لیا ہے۔
کینیا کے حکام نے ایک جعلی وکیل برائن مووینڈا کو گرفتار کر لیا ہے جو خود کو کینیا کی ہائی کورٹ کے وکیل کے طور پر جھوٹا پیش کر رہا تھا۔ اس جعلی وکیل نے ہائی کورٹ کے ججوں، مجسٹریٹس اور کورٹ آف اپیل ججوں کے سامنے 26 مقدمات پر بحث کی اور حیرت انگیز طور پر اس نے اپنی گرفتاری سے پہلے تمام 26 مقدمات جیت بھی لیے۔
ایک طرف جہاں اس جعلی وکیل کو قانون کی خلاف ورزی کرنے پر گرفتار کیا گیا ہے وہی پر سوشل میڈیا پر یہ ایک نئی بحث کا سبب بھی بن چکا ہے۔
سوشل میڈیا صارفین میں سے ایک صارف نے لکھا کہ "اس جعلی وکیل نے ان وکلاء کے خلاف 26 مقدمات جیتے جو لاء اسکول گئے لیکن اسے سزا دی جارہی ہے؟ بلکہ ان وکلاء کو سزا دی جانی چاہئے جو لاء اسکول جانے کے باوجود اس جعلی وکیل سے مقدمات ہار گئے۔”
ایک اور صارف نے لکھا کہ "مجھے یقین ہے کہ یہ جعلی وکیل خود کو اپنی گرفتاری کے اس مقدمے سے بھی باہر نکال لے گا۔”
ایک اور صارف نے کہا کہ "ہمارے پاس بہت سے ذہین لوگ ہیں جو بغیر کسی دباؤ کے منتخب فیلڈ میں آسانی سے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر سکتے ہیں۔ افسوس کی بات ہے کہ ان لوگوں کو سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے لیے اسکول جانے کا موقع نہیں ملا اور یہ شخص ایک بہترین مثال ہے۔”