کویت اردو نیوز : سعودی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ مملکت سے باہر عطیات بھیجنے اور وصول کرنے والا واحد ادارہ شاہ سلمان سینٹر فار ریلیف اینڈ ہیومینٹیرین سروسز ہے۔
سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ "متعلقہ اداروں سے پرمٹ کے بغیر عطیات جمع کرنا سعودی عرب کے قائم کردہ قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ جو کوئی بھی عطیہ جمع کرے گا یا بغیر اجازت کے عطیات دے گا اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی”۔
وزارت داخلہ نے یہ وضاحتی بیان غزہ میں فلسطینی بھائیوں کی مدد کے لیے چندہ مہم شروع کرنے کی ہدایت کے حوالے سے جاری کیا ہے۔
سعودی قیادت کی ہدایات کے مطابق ’سہام‘ پورٹل کے ذریعے فلسطینیوں کے لیے عطیات کی مہم چلائی جا رہی ہے۔ سہام پورٹل شاہ سلمان مرکز برائے ریلیف اور انسانی خدمات کے تحت ہے۔