کویت اردو نیوز : ناسا کے خلابازوں نے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کے باہر دیکھ بھال کے کام کے دوران غلطی سے اپنا ٹول بیگ گرا دیا، جسے خلا میں تیرتے ہوئے زمین سے دیکھا جا سکتا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق خلا باز جیسمین میگبیلی اور لارل اوہارا چھ گھنٹے 42 منٹ تک آئی ایس ایس کے باہر مرمت کے کام میں مصروف تھے کہ ٹول بیگ ان کے ہاتھ سے پھسل کر خلا میں چلا گیا اور اب وہ زمین کے گرد چکر لگا رہاہے ۔
خلائی مشن میں جاپانی خلا باز سوتوشی فروکاوا نے ٹول بیگ کے خلا میں تیرنے کا منظر کیمرے میں قید کیا۔ ناسا نے کہا کہ بیگ کے گم ہونے سے عملے کو اسٹیشن پر واپس آنے میں کوئی پریشانی نہیں ہوئی۔
مشن کنٹرول نے بیگ کی رفتار کا تجزیہ کیا اور طے کیا کہ ٹولز سے بھرے بیگ میں عملے اور خلائی اسٹیشن کو محفوظ رکھتے ہوئے اسٹیشن سے ٹکرانے کا خطرہ کم تھا۔
بیگ کو خلائی آلودگی کے طور پر بھی درجہ بندی کیا گیا ہے اور آنے والے مہینوں میں اس کے زمین کے مدار میں داخل ہونے کی امید ہے، لیکن اس بات کا قوی امکان ہے کہ مدار میں داخل ہونے پر یہ جل جائے گا۔