کویت اردو نیوز : ترکیہ کے شہر استنبول میں زیورات کی دکان پر ڈکیتی کی عجیب واردات ہوئی، جہاں 4 نقاب پوش افراد صرف ایک منٹ میں تقریباً 7 ملین ترک لیرا جو کہ 250,000 امریکی ڈالر کے برابر مالیت کے زیورات چرانے میں کامیاب ہوگئے۔
اسٹور کے سی سی ٹی وی کیمروں پر ریکارڈ ہونے والی ویڈیو کلپس میں نقاب پوش افراد کو ریموٹ کنٹرول کے ذریعے داخلی دروازہ کھولتے ہوئے دکھایا گیا ہے ، جس نے سوشل میڈیا صارفین کی حیرت میں اضافہ کردیا۔
سوشل میڈیا صارفین حیران تھے کہ نقاب پوش افراد نے کنٹرول ڈیوائس کی کاپی کیسے حاصل کی، اور کیا نقاب پوش افراد اور اسٹور کے مالک کے درمیان کوئی رشتہ یا جان پہچان تھی ؟
ابھی تک سیکورٹی حکام نقاب پوش افراد کو گرفتار کرنے یا ان کی شناخت کا تعین کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکے ہیں، حالانکہ انہوں نے مجرموں کی تلاش کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
ویڈیو کلپس میں یہ بھی دکھایا گیا ہے کہ نقاب پوش افراد نے ایک منٹ میں سونے اور ہیروں کی چوری کی ، پھر موٹر سائیکل پر فرار ہوگئے۔
گزشتہ پیر کی صبح ٹھیک چار بجے استنبول کے علاقے باکرکوئی میں ڈکیتی کی یہ واردات ہوئی۔