کویت اردو نیوز : امریکی خلائی تحقیقی ادارے ‘ناسا’ کو ایک ایسا ٹماٹر مل گیا ہے جو 8 ماہ قبل خلا میں گم ہو گیا تھا، جس کے بعد فرینک روبیو نامی خلاباز کو اس الزام سے بری کر دیا گیا ہے کہ اس نے یہ ٹماٹر کھایا تھا۔
ناسا کے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کے عملے نے تصدیق کی ہے کہ آٹھ ماہ قبل خلا میں کھو جانے والا ایک انچ کا ٹماٹر بالآخر مل گیا ہے۔ خلاباز فرینک روبیو کے بارے میں پہلے کہا جاتا تھا کہ وہ خلا میں اگائے جانے والے ٹماٹروں میں سے ایک کو کھا چکے ہیں۔
اسٹیشن کی 25 ویں سالگرہ کے لائیو اسٹریم پروگرام کے دوران، خلاباز جیسمین موگبیلی نے تصدیق کی کہ روبیو کے گمشدہ ٹماٹر کی باقیات آٹھ ماہ بعد ملی ہیں، اس لیے ہم اپنے دوست کے خلاف الزام واپس لے لیتے۔ جو یہ تھا کہ انہوں نے خلا میں اگائے ہوئے ٹماٹروں میں سے ایک کھا لیا۔
جیسمین موگبیلی نے کہا کہ ہمارا اچھا دوست فرینک روبیو زمین پر اپنے گھر واپس آگیا ہے، ان پر کافی عرصے سے ٹماٹر کھانے کا الزام تھا لیکن اب وہ بری ہوسکتے ہیں کیونکہ 8 ماہ کی تلاش کے بعد ٹماٹر کی باقیات مل گئی ہیں۔
ملزم خلاباز، فرینک روبیو، ستمبر 2023 میں زمین پر واپس آیا۔ مہینوں کے الزامات کے باوجود، روبیو نے ہمیشہ نایاب ٹماٹر کھانے سے انکار کیا ہے۔
روبیو نے انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن (آئی ایس ایس) کے لائیو اسٹریم کے دوران کہا کہ ‘میں نے 25 گھنٹے تک ٹماٹر کو تلاش کیا لیکن پھر بھی نہیں ملا، مجھے یقین ہے کہ مستقبل میں کسی وقت ٹماٹر مل جائے گا۔ اور الزام سے بری ہوجاؤں گا ۔
ناسا نے یہ نہیں بتایا کہ 8 ماہ بعد ملنے والا یہ ٹماٹر کہاں اور کس حالت میں ملا ہے تاہم اسے کھانے سے انکار کرنے والے خلا باز فرینک روبیو نے واضح کیا کہ خلائی اسٹیشن کی نمی کی وجہ سے اس ٹماٹر کی حالت ضرور خراب ہوئی ہوگی۔