کویت اردو نیوز : فیڈرل بورڈ آف ریو نیو کی جانب سے ملک میں درآمد ہونے والے تقریباً تمام ماڈلز کے موبائل فونز کی درآمد پر کسٹم ڈیوٹی میں اضافے کے بعد پاکستان کے معروف موبائل فون برانڈز اپنے ماڈلز کی قیمتوں میں اضافے کے لیے تیار ہیں۔
اطلاعات کے مطابق ڈائریکٹوریٹ جنرل آف کسٹمز ویلیوایشن کراچی نے مشہور برانڈڈ موبائل فونز کے 1160 ماڈلز کی درآمد پر کسٹم ویلیو میں خاطر خواہ اضافہ کر دیا ہے۔
ڈائریکٹوریٹ نے Samsung، Oppo، Nokia، Lenovo، ITel، Huawei، Apple، Movizo، Infinix، OnePlus، Realme، Vivo، Tecno، Motorola، Sony، Xiaomi، Honor، TCL، Alcatel، CShark کے برانڈز پر کسٹم ڈیوٹی بڑھا دی ہے۔
ڈائریکٹوریٹ جنرل آف کسٹمز ویلیوایشن آرڈر میں مزید کہا گیا ہے کہ مسافروں کے ذریعے درآمد کیے گئے استعمال شدہ موبائل فونز کا بھی کسٹم ویلیوز پر اندازہ لگایا جائے گا کیونکہ ان کی قیمت کا الاؤنس بھی مذکورہ ٹیبلیٹڈ ویلیوز میں شامل ہے۔
کسٹم ایکٹ 1969 کے سیکشن 25A کے تحت موبائل فونز کی ویلیویشن کا تعین ویلیویشن رولنگ نمبر 1732/2023 کے ذریعے کیا جاتا تھا، موجودہ ویلیویشن رولنگ تقریباً نو ماہ پرانا ہے اور اس میں طےشدہ کسٹم ویلیوزمروجہ انٹرنیشنل مارکیٹ کی عکاسی نہیں کرتی تھیں۔
اسٹیک ہولڈرز نے درخواست کی کہ موبائل فون کے ماڈلز کی کسٹم ویلیو میں اضافے کو مدنظر رکھتے ہوئے کسٹم ڈیوٹی پر نظر ثانی کی جائے اور اس کے مطابق کم از کم قیمت میں معقول اضافہ کیا جائے کیونکہ ویلیو ایشن کے حکم میں جن موبائل فونز کا ذکر کیا گیا ہے ان میں سے کچھ ماڈلز پرانے ہیں لیکن ان کی اپنی مرضی کے مطابق قدر کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔