کویت اردو نیوز : پاکستان سینیٹ کے چیئرپرسن صادق سنجرانی پیر کو سینیٹرز کے ایک وفد کے ہمراہ کویت کے سفارت خانے پہنچے جہاں انہوں نے مرحوم امیر شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح کے انتقال پر تعزیت کی۔ اپنے تعزیتی پیغام میں سنجرانی نے امیر مرحوم کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے پیچھے ایک عظیم ورثہ چھوڑ گئے ہیں اور ان کا انتقال نہ صرف کویت کے شاہی خاندان اور عوام کے لیے بلکہ پاکستانی عوام کے لیے بھی بڑا نقصان ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ "علاقائی استحکام میں ان کی شراکت، عالمی ترقی کے لیے ان کی ذاتی وابستگی، اور قوموں کے درمیان خلیج کو ختم کرنے کے لیے ان کا کام طویل عرصے تک یاد رکھا جائے گا۔”پاکستان میں کویت کے سفارتخانے نے اتوار کو تین روزہ تعزیتی کتاب کا افتتاح کیا جہاں مختلف ممالک کے سفیر، سفارت کار، معروف مذہبی سکالرز اور سیاستدان تعزیت کے لیے آرہے ہیں۔
پاکستان میں کویت کے سفیر ناصر عبدالرحمن المطیری نے مرحوم کویتی امیر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے امیر کی غیر معمولی میراث اور ملک سے عقیدت کو یاد کیا۔ سفیر المطیری نے پیر کو ملک میں یوم سوگ کا اعلان کرنے اور ملک بھر میں قومی پرچم سرنگوں رکھنے پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے دکھ کی اس گھڑی میں کویت اور کویتی شہریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی پر پاکستانی پارلیمنٹرینز اور پاکستانی عوام کا شکریہ بھی ادا کیا۔
دریں اثناء وزیراعظم پاکستان انوار الحق کاکڑ نے امیر کویت کے انتقال پر پاکستان میں پیر کو یوم سوگ کا اعلان کیا تھا ۔ سرکاری ریڈیو پاکستان کے مطابق وزیر اعظم کاکڑ نے یہ فیصلہ پاکستان کے عوام اور حکومت کی جانب سے کویت کے شاہی خاندان، حکومت اور عوام کے ساتھ برادرانہ یکجہتی کے اظہار کے لیے کیا ہے۔ اس دن پورے ملک میں قومی پرچم سرنگوں رہا۔